• news

جنرل باجوہ سے ملاقات،علاقائی امن کیلئے پاکستان کیساتھ کام جاری رکھیں گے


اسلام آباد (خبرنگار خصوصی) آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ پاکستان، افغانستان میں امن و استحکام کے لئے ہرممکن کوششوں کیلئے پرعزم ہے اور سب کی شمولیت کے ساتھ والی افغان حکومت کی مکمل حمایت کرتا ہے۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق امریکی نائب وزیر خارجہ وینڈی شرمن نے گزشتہ روز آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے جی ایچ کیو میں ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران باہمی دلچسپی کے امور، علاقائی سلامتی کی صورتحال اور افغانستان میں انسانی بحران سے نمٹنے کیلئے اٹھائے گئے اقدامات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ آرمی چیف نے پاکستان اور امریکہ کے درمیان  بامعنی دوطرفہ کثیر الجہتی تعلقات کو برقرار رکھنے پر زور دیا۔ امریکی نائب وزیر خارجہ نے افغان صورتحال میں پاکستان کے کردار اور خاص طور پر افغانستان سے غیر ملکیوں کے کامیاب انخلا کی کارروائیوں میں مدد کو سراہا۔ وینڈی شرمن نے علاقائی امن کے لیے پاکستان کے ساتھ کام جاری رکھنے کا عہد کیا۔ امریکی سفارتخانے نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ بحیثیت رکن جوبائیڈن انتظامیہ وینڈی شرمن کا پہلا دورہ پاکستان ہے۔ وینڈی شرمن کی موجودگی پرعزم پاک امریکہ تعلقات کا مظہر ہے۔  امریکی نائب وزیر خارجہ وینڈی شرمن دو روزہ دورہ پاکستان مکمل کر کے واپس چلی گئیں۔

ای پیپر-دی نیشن