انسدادِ توہینِ صحابہ و اہل بیت بل کی منظوری تاریخ ساز فیصلہ ہے: حنیف جالندھری
اسلام آباد(نا مہ نگار)جنرل سیکرٹری وفاق المدارس العربیہ مولانا محمد حنیف جالندھری نے قومی اسمبلی سے انسدادِ توہینِ صحابہ و اہل بیت بل کی منظوری کو تاریخ ساز فیصلہ قرار دیا،مولانا جالندھری نے کہا کہ اس بل کی منظوری وقت کا اہم تقاضہ ہے جس پر اس کی روح کے مطابق عملدرآمد بہت سے فسادات اور مسائل کا راستہ روکنے کا ذریعہ بنے گا- مولانا محمد حنیف جالندھری نے کہا صحابہ کرام،امہات المومنین اور اہل بیت اطہار کی شان میں گستاخی کا پاکستان جیسی ریاست میں سوال ہی پیدا نہیں ہوتا انہوں نے کہا کہ سوشل میڈیا کے موجودہ دور میں گستاخیوں کے واقعات بہت سے فساد و انتشار اور بدامنی کا سبب بنتے ہیں اس لیے اس کی قانونی بنیادوں پر روک تھام از حد ضروری تھی- اس اہم ترین ذمہ داری کو نبھانے پر جماعت اسلامی کے ممبر قومی اسمبلی مولانا عبدالاکبر چترالی،تمام اراکینِ اسمبلی،سپیکر و ڈپٹی اسپیکر خراج تحسین کے مستحق ہیں جنہوں نے متفقہ طور پر یہ بل پاس کیا۔مولانا جالندھری نے ملک بھر کے علما کرام اور زندگی کے مختلف شعبوں کے وابستگان سے اپیل کی کہ وہ اس قانون کی ضرورت و اہمیت اور اثرات و ثمرات سے قوم کو آگاہ کریں اور اس پر عملدرآمد کے لیے راہ ہموار کریں-