• news

پیر امین الحسنات تحریک انصاف میں شامل، ملکر ملکی بہتری کیلئے کام کریں گے: شاہ محمود 


سرگودھا؍ بھیرہ (نوائے وقت رپورٹ+ نامہ نگار) مسلم لیگ ن کے سینئر رہنما پیر امین الحسنات نے پی ٹی آئی میں شمولیت اختیار کر لی۔ پاکستان تحریک انصاف کے رہنماؤں کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے پیر امین الحسنات کی پی ٹی آئی میں شمولیت کا اعلان کیا، اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پیر حسنات کی شمولیت سے سرگودھا میں پی ٹی آئی پہلے سے زیادہ مضبوط ہو گی۔ ان کے ساتھ ملکر پاکستان کی بہتری کیلئے کام کریں گے۔ ملک کی سلامتی اور بقا کے لیے عام انتخابات انتہائی ضروری ہیں اور 2 صوبوں میں حکومت کے خاتمہ پر قومی انتخابات آئینی تقاضا  71 فیصد عوام نئے انتخابات کے حق میں ہیں۔ کراچی جیسے انتخابات عوام برداشت نہیں کریں گے۔ اگر اس کی راہ میں روڑے اٹکائے گئے تو ملک کو ناقابل تلافی نقصان ہوگا۔ ان خیالات کا اظہار سابق وزیر مملکت پیر محمد امین الحسنات شاہ فاروق بہاؤالحق شاہ اور دیگر کے مسلم لیگ ن چھوڑ کر پاکستان تحریک انصاف میں شمولیت کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے شاہ محمود قریشی اسد عمر، نورالحق قادری، فواد چوہدری، عامر کیانی و دیگر نے دارالعلوم محمدیہ غوثیہ بھیرہ میں کیا۔ مقررین نے کہا کہ آستانہ عالیہ امیر السالکین کے خانوادہ نے عمران خان کے حرمت رسول صلی اللہ علیہ وسلم کے لئے کئے گئے اقدامات اور ریاست مدینہ کے ویژن سے متاثر ہو کر تحریک انصاف میں شمولیت کا اعلان کیا ہے۔ مسلم لیگ ن ضلع سرگودھا میں عملی طور پر ختم ہو گئی ہے۔ پیر محمد امین الحسنات شاہ نے تحریک انصاف میں شمولیت کا اعلان کرتے ہوئے آنے والے معزز مہمانوں کا شکریہ ادا کیا۔ بعد ازاں شاہ محمود قریشی نے پراچہ ہائوس بھیرہ میں سابق ضلع ناظم انعام الحق پراچہ اور پی پی 72 کے امیدوار حسن انعام پراچہ سے ملاقات کرتے ہوئے ملک کی موجودہ سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔

ای پیپر-دی نیشن