• news

لند ن اجلاس : نواز شریف کی واپسی الیکش شیڈول کے بعد ، جارحانہ پالیسی کا فیصلہ 

 اسلام آباد + لندن  (نمائندہ خصوصی + نوائے وقت رپورٹ) قائد مسلم لیگ ن نواز شریف کی زیرصدارت پارٹی رہنماؤں کے اجلاس میں الیکشن کی تیاری اور مریم نواز کی واپسی سمیت دیگر امور پر مشاورت کی گئی۔ اجلاس کے بعد روانگی کے وقت صحافی نے سوال کیا کہ پنجاب اور خیبر پی کے کے الیکشنز میں پارٹی کی قیادت کون کرے گا؟ نواز شریف نے جواب دیا کہ الیکشن میں پارٹی قیادت کے موضوع پر جلد بات کروں گا۔ غیر متنازع شخص کی تعیناتی کو متنازع بنانا پی ٹی آئی کے منشور کا حصہ ہے۔ پارٹی اجلاس میں مریم نواز‘ رانا ثناء اﷲ‘ میاں جاوید لطیف‘سینیٹر افنان خان‘ سابق سینیٹر چودھری سعود مجید نے شرکت کی۔ مسلم لیگ (ن )کے چیف کوآرڈینیٹر انٹرنیشنل افیئرز اینڈ اوورسیز پاکستانیز معروف قانون دان بیرسٹر امجد ملک نے کہا ہے کہ سا بق وزیر اعظم نوازشریف عام انتخابات سے پہلے ہی وطن واپس جائیں گے ۔ مریم نوازپاکستان پہنچ کر انتخابی مہم کو تیز کر دینگی ، نوازشریف کی آمد سے مہم میں نیا جذبہ پیدا ہوگا ۔ گزشتہ روز سابق وزیر اعظم محمد نوازشریف سے مسلم لیگ (ن )کے چیف کوآرڈینیٹر انٹرنیشنل افیئرز بیرسٹر امجد ملک نے ملاقات کی جس میں پنجاب ، خیبر پختو خوا میں انتخابات، موجودہ سیاسی وملکی صورتحال اور آئندہ ہونے والے عام انتخابات اور اوورسیز پاکستانیوں کے حوالے سے گفتگو کی گئی ۔نواز شریف کی زیرصدارت اجلاس میں مسلم لیگ ن نے جارحانہ پالیسی اپنانے کا فیصلہ کیا ہے۔ ذرائع کے مطابق نواز شریف کی وطن واپسی الیکشن شیڈول جاری ہونے کے فوری بعد ہو گی۔ نواز شریف کی سزا کے خلاف زیرالتواء کیسز میں تیزی لانے کا فیصلہ کیا گیا۔ دوران اجلاس قانونی ماہرین سے رائے بھی لی گئی۔ مریم نواز یکم فروری سے عوام رابطہ مہم کا آغاز کریں گی اور پنجاب‘ خیبر پی کے میں جلسوں سے خطاب کریں گی۔ نواز شریف پارلیمانی بورڈ کی سربراہی کریں گے۔ الیکشن شیڈول کا اعلان ہونے پر ٹکٹس کیلئے درخواستیں طلب کی جائیں گی۔

ای پیپر-دی نیشن