• news

نگران وزیراعلی خیبر پی کے اعظم خان نے حلف اٹھالیا ، پنجاب کا فیصلہ آج الیکشن کمشن کریگا 

لاہور؍ پشاور (خصوصی نامہ نگار+ نوائے وقت رپورٹ) گورنر خیبرپختونخوا حاجی غلام علی نے محمد اعظم خان کو صوبے کا نگراں وزیراعلیٰ مقرر کر دیا۔ اعظم خان نے عہدے کا حلف اٹھا لیا۔ محمد اعظم خان کی بطور نگراں وزیراعلیٰ خیبر پختونخواہ تعیناتی کا اعلامیہ جاری کر دیا گیا ہے۔ قبل ازیں گورنر خیبرپختونخوا نے آج صبح ہی اعظم خان کی بطور نگراں وزیراعلیٰ تعیناتی کے اعلامیے پر دستخط کئے۔ خیبرپختونخوا کے نگراں وزیراعلیٰ اعظم خان کی حلف برداری کی تقریب آج گورنر ہاؤس میں شام سوا چار بجے منعقد ہوئی جس میں گورنر نے ان سے عہدے کا حلف لیا۔ نو منتخب نگران وزیراعلیٰ خیبر پی کے  اعظم خان کا کہنا ہے کہ انتخابات کیلئے الیکشن کمشن کو بھرپور تعاون فراہم کریں گے ۔ گفتگو کرتے ہوئے اعظم خان کا کہنا تھا پرامن انتخابات اولین ترجیح ہے۔ انتخابات کرانا الیکشن کمشن کا کام ہے، ہم الیکشن کمشن کو بھرپور تعاون فراہم کریں گے۔ اعظم خان کا کہنا ہے کہ نگران وزیر داخلہ رہ چکا ہوں، انتخابات میں الیکشن کمشن کو مکمل سپورٹ کیا تھا۔ انہوں نے مزید کہا کہ صوبے میں امن و امان کا مسئلہ ہے۔ مہنگائی کا مسئلہ ہے اسے کم کرنے کیلئے اقدامات کرنے کی کوشش کروں گا۔ دوسری طرف  الیکشن کمشن آف پاکستان نگراں وزیراعلیٰ پنجاب کے لیے چار ناموں میں سے حتمی نام کا انتخاب آج ہونے والے ای سی پی کے خصوصی اجلاس میں کرے گا۔ چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجا نے نگراں وزیر اعلیٰ کے تقرر کے لیے اہم اجلاس  آج اتوار شام ساڑھے 6 بجے الیکشن کمشن مرکزی سیکرٹریٹ میں طلب کر لیا ہے۔ الیکشن کمشن نام فائنل کر کے گورنر کو بھجوائے گا۔ واضح رہے کہ الیکشن کمشن کے پاس نگراں وزیراعلیٰ کے تقرر کے لیے آج رات 10 بجے تک کا وقت ہے۔ چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجا کی سربراہی میں  ممبر نثار احمد درانی، ممبرشاہ محمد جتوئی، ممبر بابر حسن بھروانہ،ممبر جسٹس ریٹائرڈ اکرام اللہ خان سمیت سیکرٹری الیکشن کمشن عمر حمید خان نگران وزیر اعلی کے لیے آنے والے چاروں ناموں کی پروفائل خصوصی اجلاس میںپیش کر یں گے۔ حکومتی اتحاد کی جانب سے احمد نواز سکھیرا اور نوید اکرم چیمہ کے نام تجویز کیے گئے ہیں جبکہ اپوزیشن نے محسن رضا نقوی اور احد چیمہ کو نامزد کررکھا ہے۔ موصول شدہ چاروں ناموں کے پروفائل تیار کرنے کا عمل شروع کر دیا گیا ہے۔ تفصیلی پروفائل میں چاروں کی قابلیت اور اپنے شعبہ میں کارکردگی شامل ہوگی۔ جس کے بعد الیکشن کمشن آج وزیراعلیٰ پنجاب کے نام کا اعلان کرے گا۔

ای پیپر-دی نیشن