عمران بنی گالہ میں عدالت لگائیں ، خود جج بن جائیں پھر بھی الزامات ثابت نہیں ہونگے : مریم اورنگزیب
اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ مافیا اور بڑے بڑے ڈاکوئوں سے ملک کو پاک کیا ہے۔ چار سال میں الزامات کیوں ثابت نہیں کئے؟ چور کیوں ثابت نہ کر سکے؟اب صرف چور کہنے سے بات نہیں بنے گی، چار سال تمام طاقت ہونے کے باوجود آپ ایک الزام ثابت نہیں کر سکے۔ ہفتہ کو عمران خان کی تقریر پر اپنے ردعمل میں انہوں نے کہا کہ نیب چئیرمین کو بلیک میل کر کے سیاسی مخالفین کو جیلوں میں ڈالا لیکن عدالت میں الزامات جھوٹ ثابت ہوئے، ایک ثبوت پیش نہ کر سکے۔ پاکستان کی تمام عدالتوں نے آپ کے الزامات کو ردی کی ٹوکری میں پھینکا۔ انہوں نے کہا کہ انگلینڈ کی نیشنل کرائم ایجنسی اور برطانوی عدالت نے آپ کے الزامات مسترد کئے، ہم نے چالیس سال کا حساب دیا، ایک الزام ثابت نہ ہوا، بنی گالہ میں عدالت لگائیں اور خود جج بن جائیں اور وکیل بھی، پھر بھی جھوٹے الزامات ثابت نہیں ہوں گے۔ انہوں نے خان کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ آپ اِس قوم کی مہنگائی، قرضے، معاشی تباہی اور بے روزگاری کے مجرم ہیں۔