جعلی صادق امین نے 3 ملین ڈالر خیرات چوری کا اعتراف کرلیا : مریم اورنگزیب
اسلام آباد (اے پی پی) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ ثاقب نثار کے صادق اور امین نے شوکت خانم کے3 ملین ڈالر کے خیراتی فنڈ ہائوسنگ سوسائٹی میں لگانے کا اعتراف کر لیا ہے، جعلی صادق اور امین نے30 لاکھ ڈالر کی رقم ہائوسنگ منصوبے میں لگانے کا اعتراف کیا ہے۔ اتوار کو اپنے ایک بیان میں وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے کہاکہ پاکستان کی عوام نے عمران خان کو شوکت خانم کے لئے زکٰوۃ کے پیسے دئیے تھے۔ پرائیویٹ ہاؤسنگ سوسائٹی کے لئے نہیں۔ انہوں نے کہا کہ دوسروں پر چوری کا الزام اور خود خیرات کے پیسوں کی چوری کا اعترافِ جرم ۔ لاکھوں ڈالر کا خیراتی پیسہ لگاتے ہوئے شوکت خانم کے بورڈ سے منظوری بھی نہ لی گئی۔ انہوں نے کہا کہ جھوٹا فراڈیہ توشہ خانہ اور زکوۃ چور کہتا ہے کہ توشہ خانہ میں چوری کی، تو کیا ہوا ؟، ریاست کے 190 ملین پاؤنڈ کھا گیا، تو کیا ہوا ؟، پانچ قیراط کا ہیرہ ہی تو لیا ہے؟ فارن فنڈنگ کر کے ملک کے خلاف دشمنی کی، تو کیا ہوا ؟ زکٰوۃ کے پیسے ہی تو چوری کئے ہیں، تو کیا ہوا؟ ٹرسٹ کا پیسہ ہی تو کھایا ہے، تو کیا ہوا؟ القادر ٹرسٹ کے نام پر458 کنال اراضی رشوت لی، تو کیا ہوا؟ بشری بی بی کے ساتھ مل کر پنجاب کی ہر نوکری، ہر عہدہ بیچا، تو کیا ہوا؟ وفاقی وزیر اطلاعات نے مزید کہا کہ عمران خان جن کو چور کہتے ہیں، پاکستان اور برطانیہ کی بھی کسی عدالت میں جھوٹے الزام ثابت نہیں کر سکے۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان اِسی لئے عدالت میں پیش نہیں ہوتے کیونکہ ان کو معلوم ہے کہ اگر عدالت میں پیش ہوئے تو تمام کئے ہوئے جرائم کا اعتراف کرنا پڑے گا۔مریم اورنگزیب نے نجی ٹی وی کو انٹرویو میں کہا کہ عمران خان نے غیرقانونی فنڈنگ حاصل کی ہے تو قانون کے مطابق نااہل ہوں گے۔ پاکستان میں کوئی بھی الیکشن ہوا‘ انہوں نے نہیں ماننا جو اس ملک کے قانون کو نہیں مانتا‘ بوریا بستر اٹھائیں اور مریخ پر چلے جائیں۔