عمران پر حملہ : تحقیقات کیلئے قائم جے آئی ٹی تبدیل ، 3 نئے ارکان شامل
لاہور (نامہ نگار + این این آئی) تحریک انصاف کے چیئرمین، سابق وزیر اعظم عمران خان پر وزیر آباد حملے میں کی تفتیش کرنے والی جے آئی ٹی کے ارکان تبدیل کر دئیے گئے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق وزیرآباد میں عمران خان پر ہونے والے حملے کی تفتیش کرنے والی جوائنٹ انویسٹی گیشن ٹیم میں تبدیلی کر دی گئی ہے۔ جے آئی ٹی میں تبدیلی کا نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا گیاہے۔نوٹیفکیشن کے مطابق جے آئی ٹی کے سربراہ غلام محمود ڈوگر کے علاوہ تمام اراکین تبدیل کردیے گئے ہیں۔ نئے ارکان میں ڈی پی او ڈی جی خان محمداکمل اور ایس پی انجم کمال ‘ ڈی ایس پی سی آئی اے جھنگ ناصر نواز کو بھی جے آئی ٹی کا حصہ بنایا گیا ہے۔ نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ کسی بھی محکمے کے چوتھے رکن کی تقرری کا فیصلہ جے آئی ٹی کے سپرد کر دیا گیا ہے۔ محکمہ داخلہ پنجاب نے وزیر آباد میں عمران خان پر حملے کی تحقیقات کرنے والی جے آئی ٹی کے کنوینئر کے ساتھ اختلافات رکھنے والے تمام ارکان تبدیل کر دئیے۔ سی سی پی او لاہور غلام محمود ڈوگر کی سربراہی میں نئے ارکان کی تقرری کا گزشتہ تاریخوں میں نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا۔ نئے ارکان کی تقرری کا نوٹیفکیشن چودہ جنوری کو جاری کیا گیا۔ جے آئی ٹی کے کنوینئر کی جانب سے چار ارکان پر عدم اعتماد ظاہر کیا گیا تھا جبکہ ا س حوالے سے پراسیکیوٹر جنرل نے بھی گزشتہ دنوں ایک رپورٹ ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ کو جمع کرائی ہے جس میں چار ممبران کے خلاف کارروائی کی سفارش بھی کی گئی ہے۔ ذرائع نے کہا ہے کہ سابق ممبران نے غلام محمود ڈوگر پر سیاسی بنیادوں پر تفتیش کرنے کے الزامات عائد کیے تھے۔