• news

وزیراعظم ، نیکا، کی کارکر دگی پر با ہم ، اصلاھات کیلئے شا ہد خان قان کی سر براہی میں کمیٹی قا ئم 


اسلام آباد+ لاہور  (خبر نگار خصوصی+ نیوز رپورٹر) وزیراعظم محمد شہباز شریف نے نیشنل انرجی ایفیشینسی اینڈ کنزرویشن اتھارٹی (نیکا) کی ازسرنو بحالی، اصلاحات اور اس کی استعداد میں اضافے کا بڑا فیصلہ کرتے ہوئے سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کی سربراہی میں بین الوزارتی سٹیئرنگ کمیٹی قائم کر دی۔ وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ کی طرف سے بیان کے مطابق وزیراعظم محمد شہباز شریف کی زیر صدارت ملک میں توانائی کی بچت کیلئے اقدامات پر جائزہ اجلاس  منعقد ہوا جس میں وزیراعظم نے  نیکا کی کارکردگی اور اس میں موجود خامیوں پر اظہار برہمی کرتے ہوئے کہا کہ ملک میں وسائل کا بے دریغ  زیاں ہو رہا ہے اور ادارے بند پڑے ہیں۔ وزیراعظم نے ہدایت کی کہ نیکا کو فوری طور پر فعال بنانے کیلئے بین الوزارتی کمیٹی اقدامات کرے اور نیکا کی افرادی قوت میں اضافہ کرتے ہوئے شفافیت کے پہلو کو مقدم رکھا جائے۔ وزیراعظم نے نیکا کے ماہرین کو تعمیراتی، صنعتی، مواصلات، پاور اور زراعت کے شعبے میں توانائی کی بھرپور بچت کیلئے وزارتوں کو لائحہ عمل فراہم کرنے کی ہدایت کی۔ اجلاس کو نیشنل انرجی ایفیشینسی اینڈ کنزرویشن اتھارٹی (نیکا) کی موجودہ استعداد اور اس کے مینڈیٹ کے حوالے سے تفصیلی طور پر آگاہ کیا گیا۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ نیکا کی استعداد بڑھانے کیلئے کوئی خاطر خواہ اقدامات نہیں کئے گئے۔ اجلاس کو نیکا کے بجٹ کے حوالے سے بھی آگاہ کیا گیا۔ اجلاس کو مزید بتایا گیا کہ قومی نیشنل انرجی ایفیشینسی اینڈ کنزرویشن پالیسی کا مسودہ بہت جلد کابینہ اجلاس میں منظوری کیلئے پیش کیا جائے گا۔ وزیرِ اعظم نے نیکا کی اصلاحات کے حوالے سے جامع منصوبہ بندی کرکے ضروری  اقدامات کا وقت متعین کرنے اور ان اقدامات کو معینہ مدت میں یقینی بنانے کی تاکید کی۔ اجلاس میں سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی، وفاقی وزراء اسحاق ڈار، خرم دستگیر خان، مشیر وزیراعظم احد چیمہ، وزیر مملکت برائے پٹرولیم ڈاکٹر مصدق ملک، معاونین خصوصی جہانزیب خان، سید فہد حسین اور متعلقہ اعلی حکام نے شرکت کی۔ دریں اثناء  وزیراعظم میاں شہبازشریف سے صدر مسلم لیگ (ن) لاہور سیف الملوک کھوکھر نے ان رہائش گاہ ماڈل ٹائون میں ملاقات  کی۔ وزیراعظم نے سیف الملوک کھوکھر کو مسلم لیگ ن لاہور کا صدر بننے پرمبارکباد دیتے ہوئے ان پر مکمل اعتماد کا اظہار  کیا۔ وزیراعظم نے سیف الملوک کھوکھر کو لاہور میں کارکنان کو متحرک کرنے کی ہدایت کی۔ چیف آرگنائزر مسلم لیگ ن مریم نوازکے کامیاب استقبال پر وزیراعظم نے سیف کھوکھر کو شاباش دی۔ شہباز شریف نے سیف الملوک کھوکھر کو ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ پارٹی کی مظبوطی کے لئے ایسے ہی کام کرتے رہیں۔ سیف کھوکھر کا کہنا تھا کہ میاں نوازشریف اورآپ کے ویژن کے مطابق پارٹی کی بہتری کے لئے کام کرتا رہوں گا۔ سیف الملوک کھوکھر نے وزیر اعظم شہباز شریف کو پارٹی کی تنظیم سازی کے حوالے سے بریفننگ دی۔ ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سیف الملوک کھوکر نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف نے پارٹی عہدے سے متعلق اعتماد کا اظہار کیا۔سابق اراکین پنجاب اسمبلی خواجہ سلمان رفیق، رابعہ نسیم فاروقی اور میاں مرغوب احمد نے وزیر اعظم محمد شہباز شریف سے الگ الگ ملاقاتیں کیں۔ وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ کی جانب سے جاری اعلامیہ کے مطابق ان ملاقاتوں میں صوبہ پنجاب کی مجموعی سیاسی صورت حال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

ای پیپر-دی نیشن