• news

بچوں پر سرمایہ کاری کرنا ہوگی ، صوبوں کیساتھ مل کر ووکیشنل ٹریننگ سینٹرز کو فورغ دیں : وزیراعظم 


اسلام آباد (خبرنگار خصوصی+ نیٹ نیوز) وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے اپنی آنے والی نسلوں کو تعلیم کی فراہمی ہمارا مقصد حیات ہونا چاہئے، ہنرمندی کی تعلیم کو فروغ دیا جائے، اساتذہ کی معیاری تربیت یقینی بنائی جائے، وفاقی وزیر تعلیم صوبوں کے ساتھ مل کر ایک مربوط پروگرام بنائیں جس میں اساتذہ کو ٹیبلٹس مہیا کئے جائیں، اساتذہ اور طلباء و طالبات کی حاضری کو ڈیجیٹائز کیا جائے۔ منگل کو وزیراعظم ہائوس میں ٹیلی سکول پاکستان ایپلی کیشن کے افتتاح کے موقع پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ تعلیم کے حوالہ سے جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے تعلیم کے فروغ کیلئے یہ ایک اچھا قدم ہے۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب میں اپنے 10 سالہ دور میں، میں نے دیکھا کہ اساتذہ کی تربیت کا معیار بہتر نہیں ہے، وزیر تعلیم صوبوں کے ساتھ مل کر ایک مربوط پروگرام بنائیں جس میں اساتذہ کو ٹیبلٹس مہیا کئے جائیں، پورے پاکستان میں ہونہار طالب علموں میں اس سال ایک لاکھ لیپ ٹاپ تقسیم کرنے جا رہے ہیں جو کہ آٹے میں نمک کے برابر ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ ووکیشنل ٹریننگ سنٹرز کیلئے پرائیویٹ سیکٹر اور صوبائی حکومتوں کے ساتھ مل کر اس پروگرام کو آگے بڑھائیں، ہمیں اپنے بچوں اور بچیوں پر سرمایہ کاری کرنا ہو گی، مختلف شعبوں سے متعلق پرائیویٹ سیکٹرز کی خدمات لی جائیں، میرٹ پر خدمات لی جائیں اور فی کس بچہ اس کی فیس ادا کریں تاکہ وہ انہیں بھرپور ٹریننگ دیں۔ انہوں نے وفاقی وزیر تعلیم پر زور دیا جدید تعلیم کیلئے صوبوں کے ساتھ مل کر ووکیشنل ٹریننگ سینٹر کو فروغ دیں۔  دانش سکول کے ماڈل پر پورے پاکستان میں تعلیمی ادارے بنا رہے ہیںِ، بلوچستان کے دور دراز علاقوں میں جہاں عام تعلیم بھی دستیاب نہیں وہاں پر دانش سکول کیلئے مل کر رقم کا بندوبست کریں گے اور انہیں اعلی تعلیم کیلئے سہولیات مہیا کریں گے تاکہ انہیں یہ احساس ہو کہ وہ ملک کے دیگر علاقوں کے برابر ہیں۔ اسلام آباد میں اساتذہ کی تربیت کے مراکز کا دورہ کریں، میں بھی وزیر تعلیم کے ہمراہ جائوں گا تاکہ ہم دیکھیں کہ وفاقی دارالحکومت میں ان تربیتی مراکز کی صورتحال کیا ہے، اس میں اصلاحات کی ضرورت ہے، انہیں جدید ٹیکنالوجی سے آراستہ کیا جائے۔ تقریب میں سینیٹر عرفان صدیقی اور رکن قومی اسمبلی وجیہہ اکرام بھی موجود تھیں۔ اس موقع پر وزیراعظم نے بچوں میں کروم بکس بھی تقسیم کیں۔  پاکستان میں پی ٹی سی ایل کے چیئرمین حاتم بامحترم نے کہا کہ اس اہم اقدام کے افتتاح کے موقع پر یہاں موجودگی میرے لئے اعزاز ہے، اس پر وفاقی وزارت تعلیم کو مبارکباد پیش کرتے ہیں، یہ ایک انقلابی قدم اور نئے دور کا آغاز ہے۔ شہباز شریف نے کہا بلوچستان کے بچوں کیلئے اعلیٰ تعلیم کے دانش سکولوں کا انتظام کریں گے۔وزیراعظم سے چیئرمین نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی لیفٹیننٹ جنرل انعام حیدر ملک نے ملاقات کی۔ چیئرمین این ڈی ایم اے نے وزیراعظم کو ترکیہ اور شام کے زلزلہ متاثرین کی بحالی کے حوالے سے پاکستان کی جانب سے ریلیف اور بحالی کی کارروائیوں سے آگاہ کیا۔ انہوں نے وزیراعظم کو بتایا کہ اب تک ترکیہ کے لئے مجموعی طور پر 69 پروازوں کے ذریعے 2686 ٹن خیمے روانہ کیے گئے ہیں جبکہ 2597 ٹن امدادی سامان ترکیہ اور شام کو بحری جہازوں کے ذریعے بھیجا جا چکا ہے۔  50 ہزار خیمے تیار کروائے ہیں جن میں فائر پروف خیمے بھی شامل ہیں۔ وزیراعظم سے وفاقی وزیر سرمایہ کاری بورڈ چودھری سالک حسین نے ملاقات کی۔ وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ کی جانب سے جاری اعلامیہ کے مطابق ملاقات میں سرمایہ کاری بورڈ کے امور اور ملک کی مجموعی سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

ای پیپر-دی نیشن