• news

سکھوں کے مظاہروں پر بھارت میں کینیڈین ہائی کمشنر طلب 


نئی دہلی( نیٹ نیوز) بھارت نے کینیڈا میں سکھ مظاہرین پر ’سخت تشویش‘ کے اظہار کیلئے کینیڈا کے ہائی کمشنر کو طلب کرلیا ۔خبر رساں ادارے ’رائٹرز‘ کی رپورٹ میں کینیڈا کی میڈیا رپورٹس کے حوالے سے بتایا گیا کہ سیکڑوں مظاہرین وینکوور میں بھارتی قونصل خانے کے سامنے ایک آزاد سکھ ریاست کے مطالبے کے لیے جمع ہوئے تھے۔علیحدہ سکھ ریاست کا مطالبہ دہائیوں سے سلگتا ہوا مسئلہ ہے اور حال ہی میں اس نے ایک بار پھر زور پکڑا ہے۔بھارت میں اپنی آبائی ریاست پنجاب سے باہر سکھوں کی سب سے زیادہ آبادی کینیڈا میں ہے۔بھارت کی وزارت خارجہ نے ایک بیان میں کہا کہ امید کی جاتی ہے کہ کینیڈا کی حکومت ہمارے سفارتکاروں کی حفاظت اور ہمارے سفارتی احاطے کی حفاظت کو یقینی بنانے کیلئے تمام ضروری اقدامات کرےگی تاکہ وہ اپنے معمول کے سفارتی کاموں کو انجام دے سکیں۔امرت پال سنگھ نے ایک آزاد سکھ وطن کی بات کی تجدید کی جس سے تشدد کی واپسی کا خدشہ پیدا ہوا ہے، جس میں 1980 اور 1990 کی دہائی کے اوائل میں لاکھوں لوگ مارے گئے تھے۔پولیس نے امرت سنگھ اور اس کے حامیوں پر قتل کی کوشش، قانون کے نفاذ میں رکاوٹ ڈالنے اور بدامنی پیدا کرنے کا الزام لگایا ہے اور کہا ہے کہ وہ گزشتہ ہفتے سے فرار ہیں جب افسران نے ان کی موٹرسائیکل کو روکنے اور انہیں گرفتار کرنے کی کوشش کی تھی۔بھارتی پولیس نے گزشتہ ہفتے لندن میں اپنے ہائی کمیشن میں ہونے والے احتجاج کی بھی تحقیقات شروع کردی ہیں جہاں ’خالصتان‘ کے بینرز والے مظاہرین نے بھارتی پنجاب میں پولیس کی حالیہ کارروائی کی مذمت کرنے کے لیے ہائی کمیشن کی پہلی منزل کی بالکونی سے بھارت کا پرچم اتار دیا تھا۔

ای پیپر-دی نیشن