• news

مسائل کا حل الیکشن ،ہر 5 سال بعد ہونے چاہئیں ، پہلے برابر انصاف کرنا ہوگا : مریم نواز 


لاہور+ سندر (نامہ نگار+ نوائے وقت رپورٹ) چیف آرگنائزر و سینئر نائب صدر مسلم لیگ (ن) مریم نواز نے کہا ہے کہ الیکشن کے علاوہ مسائل کا کوئی حل نہیں۔ ہر 5 سال بعد انتخابات ہونے چاہئیں۔ لاہور میں (ن) لیگ لائرز ونگ کے عہدیداران سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ نوازشریف کے ساتھ زیادتیاں کی گئیں۔ مسلم لیگ (ن) کی رہنما نے مزید کہا کہ پی ٹی آئی کی پوری سیاست سہولت کاروں کے گرد گھومتی ہے۔ عمران خان جتھے لیکر عدالتوں پر حملہ آور ہوئے۔ عمران خان نے آئین و قانون کی دھجیاں اڑائیں۔ پاکستان کا قانون کہاں سو رہا ہے؟۔ ملک میں انصاف کے ترازو کے پلڑے برابر نہیں۔ (ن) لیگ کی قیادت نے جھوٹے مقدمات کا سامنا کیا۔ زمان پارک میں پولیس پر حملہ کیا گیا۔ پٹرول بم پھینکے گئے۔ نائب صدر مریم نواز کا کہنا ہے کہ عمران خان کی جانب سے ملک میں فوری الیکشن کا مطالبہ اس لئے کیا جا رہا ہے کیونکہ اکتوبر میں سپریم کورٹ کا نیا چیف جسٹس ہوگا۔ مریم نواز کا کہنا تھا ہم الیکشن سے نہیں ڈرتے مگر الیکشن سے پہلے انصاف کے ترازو کے دونوں پلڑے برابر کرنے ہوں گے۔ عمران خان جوڈیشل اسٹیبلشمنٹ کی مدد سے سلیکٹ ہونا چاہتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا جنرل ریٹائرڈ قمر جاوید باجوہ نے انٹرویو میں خود کہا کہ عمران خان خطرناک شخص ہے۔ اب انہوں نے جوڈیشل اسٹیبشمنٹ ڈھونڈ لی ہے۔ جنرل باجوہ کہتے ہیں کہ بیگمات کے کہنے پر عدالت کے فیصلے ہوتے تھے۔ ان کی باقیات عدلیہ میں موجود ہے۔ یہ اب ان پر تکیہ کئے بیٹھے ہیں۔ مریم نواز نے کہا کہ ہم نے تو سنا تھا کہ قانون اندھا ہوتا ہے‘ لیکن جس دن پانامہ کیس کا فیصلہ ہوا‘ عدالت میں ثاقب نثار‘ آصف سعید کھوسہ کے بچے بھی موجود تھے۔ ان ججوں کے بچوں کو پہلے سے پانامہ فیصلے کا پتہ تھا۔ آ ئین اور قانون پر فیصلے نہیں ہوتے تھے بلکہ بیگمات اور بچوں کے کہنے پر فیصلے ہوتے تھے۔ منتخب وزیراعظم کو بیٹے سے تنخواہ نہ لینے پر نکالا گیا۔ نوازشریف کے ساتھ بہت ناانصافیاں کی گئیں۔ چیئرمین پاکستان تحریک انصاف کو تنقیدکا نشانہ بناتے ہوئے مریم نواز کا کہنا تھا یہ شخص جب بھی عدالت گیا‘ جتھے لیکر گیا۔ کون ہے جو آج بھی عمران خان کو تحفظ دے رہا ہے؟۔ ان کا کہنا تھا میں نے جھوٹے مقدمات میں 100 سے زیادہ پیشیاں بھگتیں۔ نوازشریف نے جھوٹے مقدمے میں 200 سے زیادہ پیشیاں بھگتیں۔ ہم نے عدالتوں میں سرنڈر کیا اور جھوٹی سزائیں بھگتیں۔ ہمارے گھروں پر حملے ہوئے۔ عمران خان عدالتوں میں پیش ہونے سے انکاری ہیں۔ زمان پارک سے ریاست پر حملہ ہوا۔ آئین اور قانون کہاں سو رہاتھا؟۔ مریم نواز کا کہنا تھا ہم الیکشن سے نہیں ڈرتے کیونکہ ہم سلیکٹ ہوکر نہیں آئے‘ لیکن الیکشن ہر پانچ سال بعد ہونے چاہئیں۔ انشاءاللہ ہم الیکشن لڑیںگے اور جیتیں گے۔ مریم نواز کا کہنا تھا پرویزالٰہی اسمبلی نہیں توڑنا چاہتے تھے۔ عمران خان نے ملک میں انتشار پھیلانے کیلئے دونوں اسمبلیاں توڑیں۔ اس شخص نے پاکستان کو، آئین‘ جمہوریت کو بچوں کا کھیل سمجھ رکھا ہے۔ مسلم لیگ (ن) کی سینئر نائب صدر مریم نواز شریف نے کہا ہے کہ سپریم کورٹ نے سرٹیفائیڈ آئین کو توڑنے والے عمران خان کو سزا کیوں نہیں دی؟۔ ہم الیکشن کے لیے لیول پلیئنگ فیلڈ چاہتے ہیں اور چاہتے ہیں کہ پہلے ترازو کے پلڑے برابر کرو پھر الیکشن کراو¿۔ ابھی تک کسی نے ان کو انگلی بھی نہیں لگائی۔ عمران خان جتھوں کی صورت میں عدالت پر حملہ آور ہورہا ہے مگر عمران خان کے ساتھ لاڈلے والا اور دوسروں کے ساتھ سوتیلے والا سلوک ہوتا ہے۔ ایک شخص نے پاکستان کے قانون کو پاو¿ں تلے روندا لیکن اسے پانچ منٹ میں ضمانت مل جاتی ہے۔ ن لیگی رہنما نے کہا کہ بشری بی بی نے توشہ خانہ کے تحائف بیچے، انہیں دبئی میں فروخت کیا گیا۔ اگر آپ کا دامن داغ دار نہیں تو عدالت میں جواب دیں۔ مریم نواز نے کہا کہ سپریم کورٹ نے قرار دیا کہ عمران خان نے آئین توڑا مگر سزا دیئے بغیر گھر جانے دیا، سرٹیفائیڈ آئین کو توڑنے والے کو سزا کیوں نہیں دی؟۔ آئین توڑنے والے پر تو آرٹیکل سکس لگتا ہے، کیوں عمران خان کے ساتھ لاڈلے والا سلوک ہوتا ہے؟۔ سپریم کورٹ کے فیصلے پر حکومت نے پٹیشن کیوں دائر نہیں کی؟۔ حکومت کا آئین توڑنے والے کے خلاف پٹیشن دائر نہ کرنا کمزوری ہے۔ عمران خان کو تھوک کے حساب سے ضمانتیں دی جارہی ہیں۔ اس بات کی گارنٹی کون د۔ گا کہ پنجاب میں الیکشن ن لیگ جیت گئی تو عمران خان نتیجہ مان لے گا؟۔ کیوں کہ کل عمران خان یہ بھی کہہ سکتا ہے کہ مرکز میں شہباز شریف تھے اس لیے دھاندلی ہوئی۔

ای پیپر-دی نیشن