الیکشن سیل قائم ، انتخابات ہو کر رہیں گے ، حکمرانوںکو بھاگنے نہیں دیا جائے گا ، عمران
لاہور (نوائے وقت رپورٹ‘ نیوز رپورٹر) چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان نے ایک ٹویٹ میں کہا کہ لاہور کو بند کرنے اور ہمارے 2ہزار کارکنوں کو گرفتار کرنے کے باوجود لاہور کے لوگ مینار پاکستان جلسے کو کامیاب بنانے کبلئے بڑی تعداد میں آئے۔ چیئرمین پی ٹی آئی کا کہنا تھا کہ خاص طورپر لاہوریوں کا شکریہ ادا کرتا ہوں جنہو نے مایوس نہیں کیا۔ آپ پر فخر ہے۔ عمران خان نے انتخابات کی تیاریاں جاری رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔ عمران نے انتخابی امور کے لیے پارٹی کا الیکشن سیل قائم کر دیا، ہمایوں اختر خان کو پی ٹی آئی الیکشن سیل کا فوکل پرسن مقرر کیا گیا ہے۔ پی ٹی آئی کے الیکشن سیل میں اعجاز چودھری، ریاض فتیانہ، رائے عزیز اللہ بطور ممبر کام کریں گے، پارٹی الیکشن سیل انتخابات کے حوالے سے تکنیکی امور کو دیکھے گا، ووٹر لسٹوں، بلاک کوڈز اوردیگر تکنیکی معاملات پر امیدواروں کی معاونت بھی کرے گا۔ عمران خان کا کہنا ہے کہ الیکشن سیل بھرپور اندازسے انتخابی امور سے پارٹی قیادت اور امیدواروں کو آگاہ رکھے گا، آئین کے مطابق انتخابات ہو کر رہیں گے۔ سابق وزیر اعظم نے مزید کہا کہ حکمرانوں کو اس سے بھاگنے نہیں دیں گے، حکمرانوں کو آئین سے انحراف کر کے انتخابی عمل سبوتاژ کرنے کے خلاف آئینی، قانونی اور سیاسی محاذ پر جدوجہد کریں گے۔ مزید براں عمرن خان سے وزیراعلیٰ گلگت بلتستان خالد خورشید نے ملاقات کی۔ اس موقع پر سینیٹر سیف اللہ نیازی‘ اعظم سواتی اور دیگر رہنما نے شرکت کی۔ ملاقات می موجودہ سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وفاقی حکومت کی گلگت بلتستان امور میں مداخلت پر اظہار تشویش کیا گیا۔