• news

پنجاب ، خیبر پی کے انتخابات کیس ، ادارے کی عزت برقرار رکھنے کیلئے فل کورٹ بنایا جائے : وزیرقانون 


اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ) وفاقی وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے پنجاب اور خیبر پی کے انتخابات کیس کیلئے فل کورٹ بنچ بنانے کا مطالبہ کر دیا۔ سپریم کورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ موجودہ بنچ سے ہماری استدعا ہوگی کہ ادارے کی عزت اور توقیر برقرار رکھنے کے لیے فل کورٹ بیٹھے اور الیکشن کمیشن کے اختیارات سمیت ان تمام معاملات کی تشریح کرے۔ اعظم نذیر تارڑ کا کہنا تھا (صفحہ4 پر بقیہ نمبر15)
 کہ ہماری چیف جسٹس آف پاکستان اور عدالت سے یہ التجا ہوگی کہ ایسی آئینی تشریحات جن کا ملک اور عوام پر گہرا اثر پڑنا ہو اس میں فرد واحد کا فیصلہ نہیں ہونا چاہیے، اس کے لیے اجتماعی سوچ ہی کوئی راستہ نکال سکتی ہے اور اسے ہی صائب گردانا جاتا ہے، کل جسٹس منصور علی شاہ اور جسٹس جمال مندوخیل نے بھی اسی جانب اشارہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ تقسیم اور ابہام کو دور کرنے اور ادارے کی عزت و تکریم برقرار رکھنے کے لیے یہ ضروری ہے کہ وہ 2 جج صاحبان جو رضاکارانہ طور پر اس معاملے سے علیحدہ ہوگئے تھے اور ان کے علاوہ جتنے جج صاحبان ہیں ان کے سمیت فل کورٹ کا 13 رکنی بنچ ہونا چاہیے جو اس معاملے کو سنے اور فیصلہ دے۔

ای پیپر-دی نیشن