• news

میرے قتل کی سازش میں رانا ثنا کلیدی کردار ، آئینی پاسداری کیلئے ہر اے پی سی پر تیار : عمران

لاہور (نوائے وقت رپورٹ) عمران خان نے دعویٰ کیا ہے کہ ان کے قتل کی سازش میں رانا ثناءاللہ کا کلیدی کردار ہے، سازش کے باقی دو کرداروں کے نام پہلے ہی بتا چکا ہوں، رانا ثناءاللہ وزیر داخلہ نہیں دہشتگرد مافیا کا رکن ہے، قتل کی دھمکیوں کے خلاف قانونی چارہ جوئی کروں گا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق اس امر کا اظہار انہوں نے کونسل آف پاکستان نیوز پیپر ایڈیٹرز کے صدر کاظم خان سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ عمران خان نے کہا کہ میرے قتل کی تحقیقات سبوتاژ کرنے میں تینوں کا اہم کردار ہے۔ رانا ثناءاللہ بزدل آدمی ہے۔ الیکشن ملتوی کیس پر کہا کہ انتخابات اگر مقررہ تاریخ سے آگے گئے تو سمجھیں قانون ختم ہوگیا، الیکشن کی تاریخ مافیا کی سیاسی موت ہے۔ پی ٹی آئی کے امیدوار 30اپریل کے حساب سے مہم جاری رکھیں۔ آئین کی پاسداری کے لئے ہر طرح کی اے پی سی میں بیٹھنے کو تیار ہوں۔ لیکن پی ڈی ایم سے کسی قسم کا اتحاد نہیں ہو گا۔ پی ڈی ایم سیاسی اتحاد نہیں چوروں کا گروہ ہے۔ عدالت عظمی پر الزام تراشی، دباﺅ میں لانے کی کوششیں (ن) لیگ کا پرانا وتیرہ ہے، یہ وہی ہیں جن کے مسلح جتھے سپریم کورٹ پر حملہ آور ہوئے۔ رانا ثناءکا کردار عابد شیر علی کے باپ سے پوچھ لیں۔ عدلیہ کو پریشرائز کرنے کیلئے قانون سازی کی، آج قوم سمجھ گئی ہے ان کی ساری چالیں الیکشن سے بھاگنا ہے، شہباز شریف نے جلد بازی میں بل پیش کیا، یہ لوگ عدلیہ کو آزاد نہیں دیکھنا چاہتے۔ لاہور میں ویڈیو لنک کے ذریعے خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے کہا ہے کہ 30 سال سے ملک لوٹنے والوں کے کیسز ختم ہو گئے ہیں، افسوس سے کہنا پڑتا ہے نیوٹرل ان کے ساتھ کھڑے ہو گئے ہیں، ان دو جماعتوں کی کرپشن پر کتابیں لکھی گئیں، جنرل (ر) باجوہ نے ان کے ساتھ مل کر انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں کیں، مشرف دور میں بھی ایسا ظلم، تشدد نہیں دیکھا تھا۔ انسان اور جانوروں میں فرق ہوتا ہے، انسانوں کو بھیڑ بکریوں کی طرح ڈنڈے نہیں مارے جاتے، انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر ہم نے پورا ایک ڈوزیئر بنایا ہے۔ انگریز دور میں بھی سیاسی ورکرز کے ساتھ ایسا سلوک نہیں ہوا، ہم نے پرامن جیل بھرو تحریک شروع کی، جو پارٹی الیکشن چاہتی ہے وہ تصادم نہیں چاہتی، الیکشن سے بھاگنے والے انتشار چاہتے ہیں، ایک بدمعاش وزیر داخلہ بنایا ہوا ہے، رانا ثنا کا بیک گراو¿نڈ قتل کرنا ہے، پوری دنیا میں اس کا بیان سنا گیا، یہ بدمعاش ہے۔ شریف خاندان والے اوپر سے ڈرامے اور میسنے بن جاتے ہیں، لوگوں کو آٹا دے کر تصویریں کھنچواتے ہیں، اندر سے ظالم ہیں، شہباز شریف نے 900 کے قریب لوگوں کو قتل کرایا، عابد باکسر کے بیانات سب کے سامنے ہیں، سوشل میڈیا کے لڑکوں کو روزانہ اٹھایا جا رہا ہے، گھروں میں جا کر انہیں اغوا کر کے لے جاتے ہیں، کس دنیا کی جمہوریت میں ایسا ہوتا ہے؟۔ فرانس میں پنشن کیخلاف عوام مظاہرے کر رہے ہیں، فرانس کی پولیس نے کسی ایک آدمی کو گھروں میں جاکر نہیں اٹھایا، دنیا کی کسی جمہوریت میں ایسا نہیں ہوتا جو پاکستان میں ہو رہا ہے، لوگوں کو گھروں سے اٹھا کر ان پر تشدد کرتے ہیں، رانا ثنا جیسے ڈفر لوگوں کو کوئی سمجھ نہیں ہے، پاکستان میں اس وقت جنگل کا قانون ہے۔جنرل باجوہ شہباز شریف کو پسند کرتے، چیمپئن سمجھتے تھے، ہینڈلر ان کے ساتھ ملے ہوئے ہیں۔ مجھ پر دہشت گردی کے 40 مقدمات ہیں۔ حسان نیازی ضمانت لیتا ہے تو کسی دوسرے کیس میں پکڑ لیتے ہیں۔ آئی ایم ایف شرائط نہ مانیں تو ملک ڈیفالٹ کر جائے گا، یہ کبھی آزاد عدلیہ نہیں آنے دینگے۔
 

ای پیپر-دی نیشن