• news

سمندروں،ساحلی علاقوں کی دیکھ بھال، ترقی پر توجہ عا لمی یوم بحر منایا گیا

اسلام آباد (خبرنگار خصوصی) پاک بحریہ نے سمندروں اور ساحلی علاقوں کی دیکھ بھال اور ترقی پر توجہ دینے کے لیے عا لمی یوم بحر منایا۔ ترجمان پاک بحریہ کی جانب سے جاری اعلامیہ کے مطابق سمندر کرہ ارض پر زندگی کی بقا کا بڑا ذریعہ ہیں اور زمین پر پیدا ہونے والی آکسیجن کا 50 فیصد پیدا کرتے ہیں اسی لئے انہیں زمین کے پھیپھڑے بھی کہا جاتا ہے۔ سمندر گرین ہاؤس گیسوں اور کاربن ڈائی آکسائیڈ کے انجذاب میں بھی اہم کردار ادا کرتے ہیں۔ عالمی یوم بحر کی اہمیت کو اجاگر کرنے کے لئے پاک بحریہ نے مختلف اقدامات کیے ہیں جن میں ساحل سمندر اور بندر گاہوں کی صفائی، تیمر کی شجرکاری مہم ، ماہی گیری میں ممنوع جال کے استعمال کی روک تھام، سمندر میں تیل سے پیداہونے والی آلودگی سے نمٹنے اور صنعتی برادری کے ساتھ ہم آہنگی شامل ہیں۔ چیف آف دی نیول سٹاف ایڈمرل محمد امجد خان نیازی نے اپنے پیغام میں پاک بحریہ کے سمندروں کو مزید انحطاط سے بچانے اور اب تک ہونے والے نقصان کا ازالہ کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔انہوں نے کہا وقت کا تقاضا ہے کہ ہم ایسے طریقے اختیار کریں جن سے سمندروں کو محفوظ بنایا جا سکے کیونکہ سمندر زمین پر زندگی کا سب سے بڑا ذریعہ ہیں۔ 

ای پیپر-دی نیشن