• news

پشاور: موٹرسائیکل پر بارودی مواد کی منتقلی کے دوران دھماکہ، 2 دہشتگرد ہلاک، ایک گرفتار

پشاور (نوائے وقت رپورٹ) پشاور میں دہشت گردی کا بڑا منصوبہ ناکام ہوگیا، بورڈ بازار میں دھماکے کے دوران 2 دہشتگرد ہلاک ہوگئے۔ پولیس کے مطابق خیبر پی کے کے ضلع پشاور کے علاقے بورڈ بازار ناصر باغ روڈ پر موٹرسائیکل پر منتقلی کے دوران دھماکا خیز مواد پھٹنے سے 2 دہشتگرد ہلاک جبکہ ایک کو زخمی حالت میں گرفتار کر لیا گیا۔ ایس ایس پی آپریشنز کاشف آفتاب عباسی نے کہا کہ ابتدائی تحقیقات کے مطابق دھماکے میں 4 سے 5 کلو بارودی مواد استعمال کیا گیا، خودکش حملے سے متعلق کوئی شواہد نہیں ملے، بارودی مواد ایک جگہ سے دوسری جگہ منتقلی کے دوران پھٹا۔ کاشف آفتاب کا بتانا ہے کہ تینوں دہشتگرد ایک ہی موٹرسائیکل پر سوار تھے، جن کی شناخت ہوگئی ہے، تینوں دہشتگرد سی ٹی ڈی کو مطلوب اور تعلق پشاور سے ہے۔ پولیس حکام کے مطابق ریسکیو 1122، سی ٹی ڈی اور بی ڈی یو نے موقع پر پہنچ کر علاقے کو گھیرے میں لے لیا اور جائے وقوعہ سے موبائل فون اور اہم شواہد اکٹھے کر لئے۔ ادھر وزیراعظم شہباز شریف نے پشاور بورڈ بازار کے قریب ہونے والے دھماکے کی شدید مذمت کی اور کہا کہ دہشت گردی کو جڑ سے ختم کرنے کیلئے پر عزم ہیں۔ دوسری جانب وزیراعلیٰ خیبر پی کے علی امین گنڈاپور نے بورڈ بازار دھماکے کی مذمت کرتے ہوئےآئی جی پولیس سے رپورٹ طلب کر لی۔

ای پیپر-دی نیشن