پی ٹی آئی کا لاہور سمیت کئی شہروں میں احتجاج، لطیف کھوسہ، سلمان اکرم راجہ سمیت متعدد گرفتار
لاہور، راولپنڈی،پشاور، کراچی (نامہ نگار +نمائندگان خصوصی+بیورو رپورٹ+نوائے وقت رپورٹ) مبینہ انتخابی دھاندلی کیخلاف پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے نکالی جانے والی ریلی کے دوران پولیس نے لطیف کھوسہ اور سلمان اکرم راجہ سمیت متعدد کارکنان کو حراست میں لے لیا۔عام انتخابات میں مبینہ دھاندلی کیخلاف پی ٹی آئی کارکنان بانی تحریک انصاف کی کال پر ریلی کی صورت میں جی پی او چوک پہنچے، ریلی کی قیادت رہنما تحریک انصاف علی اعجاز بٹر نے کی۔ریلی کو روکنے کیلئے پولیس نے کارکنوں پر دھاوا بول دیا جس سے پی ٹی آئی کارکنان منشتر ہو گئے جبکہ پولیس نے تحریک انصاف کے ایم پی اے حافظ فرحت عباس سمیت 44 سے زائد کارکنان کو حراست میں لے لیا۔گرفتاری کے موقع پر ایم پی اے حافظ فرحت عباس کا کہنا تھا کہ مینڈیٹ چور وزیراعلیٰ نے گرفتاری کروائی ہے۔ادھر پولیس نے پاکستان تحریک انصاف کے رکن قومی اسمبلی لطیف کھوسہ، سلمان اکرم راجہ کو بھی حراست میں لے، لطیف کھوسہ کو پولیس نے کینٹ کے علاقے سے گرفتار کیا جبکہ سلمان اکرم راجہ کو اچھرہ سے حراست میں لیا گیا۔تحریک انصاف کے احتجاج کے دوران میاں محمود الرشید کے بیٹے میاں حسن محمود کو شادمان سے گرفتار کیا گیا، سابق رکن پنجاب اسمبلی میاں اکرم عثمان کے بھائی ہارون اکبر کو بھی اچھرہ سے پولیس نے حراست میں لے لیا۔دوسری جانب قصور میں پارٹی قیادت کی کال پر تحریک انصاف کے کارکنان کو احتجاج کرنا مہنگا پڑگیا، قصور میں نکالی جانے والی ریلی کے دوران پولیس نے مقامی قیادت کو گرفتار کرلیا۔قصور سے پی ٹی آئی کے ضلعی صدر مہر محمد سلیم ایڈووکیٹ ، ٹکٹ ہولڈر حاجی مقصود صابر انصاری، تحریک انصاف کے ٹکٹ ہولڈر بیرسٹر شاہد مسعود اور سردار نادر فاروق سمیت متعدد کارکنان کو پولیس نے گرفتار کرلیا۔ علاوہ ازیں پشاور میں وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈا پور نے کہا کہ سائفر کی تحقیقات کے لئے جوڈیشل کمیشن بنایا جائے۔وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈا پور نے کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حق کا ساتھ دینے والے کارکنوں کو سلام پیش کرتا ہوں، بانی پی ٹی آئی کے خلاف غیرقانونی مقدمات بنائے گئے، آصف علی زرداری نے توشہ خانہ سے غیرقانونی طریقے سے گاڑیاں لیں، افسوس آصف علی زرداری ملک کا صدر بن گیا۔علی امین گنڈا پور نے کہا کہ افسوس شہبازشریف نے منی لانڈرنگ کی وہ آج ملک کا وزیراعظم ہے، بانی پی ٹی آئی کا فیئر ٹرائل اور جلد رہا کیا جائے، سائفر بانی پی ٹی آئی حکومت کے خلاف سازش تھی، وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نے مزید کہا کہ چیف جسٹس آف پاکستان سائفرکیس پرجوڈیشل کمیشن بنائیں، مینڈیٹ چوری کے خلاف ایک کمیشن بنایا جائے، ہمارا مطالبہ ہے تحریک انصاف کا مینڈیٹ واپس دیا جائے، چیف الیکشن کمشنر کو آئین توڑنے والے نظر نہیں آرہے؟ ہماری مخصوص نشستیں دوسری جماعتوں کو دی گئیں، اپنا حق ملنے، بانی پی ٹی آئی کی رہائی تک ہم پیچھے نہیں ہٹیں گے۔ ٹوبہ ٹیک سنگھ ریلی گوجرہ روڈ سے شروع ہو کر جھنگ روڈ پر ڈسٹرکٹ پریس کلب (رجسٹرڈ) کے سامنے اختتام پذیر ہوئی، خالد نواز سدھرآئچ اور سردار خاور احمد شیر خاں گادھی نے مزید کہا کہ فارم 45 کے مطابق ہم جیت چکے تھے ہمیں بعد میں ایک سازش کے تحت شکست یافتہ قرار دیا گیا، حلقہ کے عوام نے ہمیں ووٹ دئیے، ہمارے ووٹوں پر ڈاکہ ڈالا گیا، ووٹ کو عزت دو کا نعرہ لگانے والوں نے ہی ووٹ چوری کر کے عوامی رائے کی توہین کی ہے، انہوں نے کہا کہ اپنا چھینا گیا مینڈیٹ واپس لیکر ہی دم لیں گے۔بھیرہ احتجاج میں شرکت کے لیے پی پی 71 کے امیدوار چوہدری نعیم حیدر پنجوتھہ ایڈووکیٹ ڈھل سے ریلی لے کر اسلام آباد گئے ریلی سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ 8 فروری کو ہونے والے انتخابات میں عوامی مینڈیٹ پر ڈاکا ڈالا گیا عوام اپنے منڈیٹ کی واپسی تک چین سے نہیں بیٹھیں گے۔بھکر میں محمدی چوک پر پی ٹی ائی کارکنوں کا احتجاج اور نعرہ بازیعمران خان کے کزن رفیق خان نیازی ایڈووکیٹ اور مجلس وحدت مسلمین کے رہنما سید ظہیر عباس نقوی کو گرفتار کر لیا گیا جبکہ احتجاج کرنے والے 20 سے زائد کارکنوں کو تھانہ سٹی پولیس نے اپنی تحویل میں لے لیا۔ ملتان سے جاوید ہاشمی کے داماد اور نواسے زاہد یاشمی اور قاسم ہاشمی کو گرفتار کر لیا گیا ۔ کراچی میں بھی احتجاج کیا گیا، جس سے عالمگیر خان نے احتجاج مظاہرے سے خطاب کیا ۔