سعودی عرب سمیت خلیجی ممالک میں آج پہلا روزہ، شاہ سلمان کی مبارکباد، پاکستان میں چاند دیکھنے کیلئے اجلاس ہو گا
جدہ /لاہور (نیٹ نیوز+خصوصی نامہ نگار) سعودی عرب میں رمضان المبارک کا چاند نظر آ گیا۔ پہلا روزہ آج سوموار 11 مارچ کو ہو گا۔ سعودی عرب میں چاند دیکھنے کیلئے مملکت کی 10 آبزرویٹریز میں اجلاس ہوئے جبکہ سعودی سپریم کورٹ نے بھی عوام سے چاند دیکھنے کی اپیل کی تھی۔ سعودیہ کے بیشتر مقامات پر مطلع ابر آلود تھا۔ تاہم مملکت میں رمضان المبارک کا چاند نظر آ گیا۔ خصوصی نامہ نگار کے مطابق مرکزی رویت ہلال کمیٹی پاکستان کا اجلاس آج بروز پیر پشاور میں مولانا سید محمد عبد الخبیر آزاد چیئر مین مرکزی رویت ہلال کمیٹی پاکستان کی زیر صدارت ہو گا۔ دنیا کے مشرقی خطے کے ملکوں میں بھی رمضان کا چاند نظر نہیں آیا۔ آسٹریلیا‘ ملائشیا‘ انڈونیشیا‘ برونائی‘ سنگاپور اور فلپائن میں بھی پہلا روزہ کل (منگل کو) ہو گا۔متحدہ عرب امارات اور قطر میں بھی رمضان کا چاند نظر آگیا۔ سرکاری اعلان کے مطابق قطر میں بھی آج پیر 11 مارچ کو پہلا روزہ ہے۔ اماراتی وزارت انصاف نے اعلان کیا ہے کہ یو اے ای میں پہلا روزہ آج بروز پیر 11 مارچ کو ہے۔ علاوہ ازیں برطانیہ میں دو مختلف دنوں میں آغاز رمضان کی روایت اس بار بھی برقرار رہی۔ برطانیہ میں سعودی تقلید کرنے والی مساجد نے رمضان کے آغاز کا اعلان کر دیا جبکہ مرکزی جماعت اہل سنت برطانیہ نے 12 مارچ منگل سے رمضان کے آغاز کا اعلان کیا۔ لندن کی مرکزی مسجد اسلامک کلچرل سینٹر ریجنٹ پارک اور یوکے اینڈ یورپ ہلال فورم نے پیر سے رمضان کے آغاز کا اعلان کیا۔ ترجمان صاحبزادہ مصباح المالک نے کہا کہ فورم سے وابستہ مساجد میں گزشتہ رات نماز تراویح کا آغاز ہو چکا‘ پہلا روزہ 11مارچ بروز پیر کو ہو گا۔سعودی فرمانروا شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے رمضان کی آمد پر مملکت کے شہریوں اور تمام مسلمانوں کو مبارکباد دی ہے۔ شاہ سلمان نے کہا کہ بین الاقوامی برادری فلسطینیوں کے خلاف وحشیانہ مظالم رکوائے۔ عالمی برادری فلسطین کے لئے محفوظ امدادی راہداریاں کھولنے کی ذمہ داری پوری کرے۔