• news

دہشت گردی کا جڑ سے خاتمہ کریں گے، عوام کی سہولت کیلئے رمضان ریلیف پیکج 5 ارب بڑھا دیا: وزیراعظم

اسلام آباد (خبرنگار خصوصی )وزیراعظم شہباز شریف نے رمضان ریلیف پیکیج کا حجم ساڑھے 7 ا رب روپے سے بڑھا کر ساڑھے 12 ارب روپے کرنے کی ہدایت کی ہے۔ وزیر اعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق وزیر اعظم نے رمضان ریلیف پیکیج کا حجم بڑھانے کے علاوہ اس کا دائرہ کار بھی مزید وسیع کرنے کی ہدایت جاری کردی۔ یوٹیلیٹی سٹورز اور بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کے ساتھ ساتھ موبائل یونٹس بھی سستے داموں کھانے پینے کی اشیاء فراہم کریں گے۔ وزیر اعظم نے ہدایت کی کہ زیادہ سے زیادہ غریب، نادار اور مستحق افراد تک رمضان ریلیف پیکیج پہنچایا جائے۔ ابتدائی طورپر 1200 موبائل پوائنٹس اور 300 مستقل پیکیج ریلیف مراکز قائم کئے جارہے ہیں۔ یکم رمضان سے اختتام رمضان تک ریلیف پیکیج کے تحت عام بازار سے کم قیمت پر اشیاء فراہم کی جائیں گی۔ متعین مقامات کے علاوہ ٹرک مختلف علاقوں میں غریب عوام کو سستی اشیائے خوردونوش پہنچائیں گے۔ مقام کا تعین جدید ٹیکنالوجی جی پی ایس کی مدد کیا جائے گا۔ موبائل ایپ کے استعمال کی راہنمائی کے لئے خصوصی وڈیو بھی جاری کی جائے گی۔ ڈیجیٹل ٹیکنالوجی کی مدد سے چلنے والا ڈیش بورڈ تیار کیا جارہا ہے تاکہ موبائل آٹے کی فروخت کی نگرانی ہوسکے۔ موبائل یونٹس کے ایک سے دوسرے مقام منتقلی کے دوران آٹے کی فراہمی کا عمل جاری رہے گا۔ موبائل اور لائیو فوٹیج سے آٹے کی تقسیم کی مسلسل نگرانی کی جائے گی۔ وزیراعظم شہباز شریف نے 7 مارچ 2024 ء کو ساڑھے سات ارب روپے کی سبسڈی سے رمضان ریلیف پیکیج کا اعلان کیا تھا۔3 کروڑ 96 لاکھ خاندانوں کو رمضان المبار ک کے دوران سستے داموں کھانے پینے کی اشیاء فراہم کی جائیں گی۔ بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کے تحت آٹا، چاول، دال، گھی، چینی، شربت اور دودھ مارکیٹ سے کم قیمت پر فراہم کیا جائے گا۔ رمضان ریلیف پیکیج کے تحت مستحق افراد کو بازار سے 30 فیصد کم قیمت پر اشیائے خوردونوش فراہم کی جائیں گی۔ آٹے پر فی کلو 77 روپے اور گھی پر 100روپے فی کلو سبسڈی دی جائے گی۔ دریں اثناء وزیراعظم شہبازشریف نے کہا ہے کہ ملک سے دہشت گردی کا مکمل خاتمہ کریں گے۔ وزیراعظم نے پشاور بورڈ بازار کے قریب ہونے والے دھماکے کی شدید مذمت کی اور کہا کہ دہشت گردی کو جڑ سے ختم کرنے کے لئے پُرعزم ہیں۔ علاوہ ازیں وزیراعظم شہباشریف نے سری لنکن، مالدیپ کے صدور، بنگلہ دیشی اور نیپالی ہم منصبوں کی جانب سے مبارکباد کے پیغامات پر سماجی رابطہ کی ویب سائٹ ’’ایکس‘‘ پر شکریہ ادا کیا اور کہا کہ وہ دوست ممالک کے ساتھ تعلقات کو مزید مضبوط کرنے کے لئے پرعزم ہیں۔

ای پیپر-دی نیشن