• news

ملک کا سب سے بڑا مسئلہ معا شی بحران ہے ، حبیب الدین جنیدی

کر اچی (سٹی ڈیسک) پیپلز لیبر بیورو سندھ کے صدر حبیب الدین جنیدی نے مزدوروں،صحافیوں اور مختلف اداروں کے ملازمین کی جانب سے ’’ورکرز جوائنٹ ایکشن کمیٹی‘‘کے قیام کو ایک تاریخی قدم اور اس پلیٹ فارم کے تحت روزگار کے تحفظ ،چھانٹیوں اور ملازمت سے برطرفیوں کے خلاف ’’روزگار بچاؤ تحریک‘‘ کو وقت کی ضرورت قرار دیاہے ۔انہوں نے محنت کشوں اور دیگر ٹریڈ یونینز پر زور دیا ہے کہ وہ اس جدوجہد میں بڑھ چڑھ کر حصّہ لیں۔ایک بیان میں سینئر مزدوررہنما حبیب الدین جنیدی نے کہا کہ آج پاکستان کا سب سے بڑا مسئلہ معیشت کا بحران ہے اور ان حالات میں بعض تجارتی اداروں،صنعتوں،الیکٹرانک میڈیا اور اخباری اداروں کی جانب سے ملازمین کی برطرفیاں اور چھانٹیاں انتہائی سنگین معاشرتی مسائل جنم دے سکتی ہیں۔انہوں نے کہا کہ پہلے ہی روز افزوں مہنگائی نے متوسط اور غریب طبقہ کی زندگی کو اجیرن بنایا ہوا ہے اور اگر مختلف اداروں سے چھانٹیوں اور برطرفیوں کو روکا نہ گیا تو صورتحال مزید گھمبیر ہوجائے گی۔انہوں نے صنعتکاروں اور اداروں کی انتظامیہ پر زور دیا کہ وہ اپنے شاہانہ لائف اسٹائل اور انتظامی اخراجات میں کمی کریں اور غیر مراعات یافتہ طبقہ کے روزگار سے نہ کھیلیں ۔

ای پیپر-دی نیشن