اسپنسر آئی اسپتال میںقرنیہ کی پیوند کاری کا آغازآج سے ہوگا
کراچی (ہیلتھ رپورٹر) بلدیہ عظمیٰ کراچی کے اسپنسر آئی اسپتال میں آج سے قرنیہ کی پیوند کاری کا آغاز ہورہا ہے، سری لنکا سے لائے گئے چار قرنیہ چار نابینا مریضوں کو لگائے جائیں گے، میئر کراچی وسیم اختر نے جمعہ کو قرنیہ پیوند کاری اور فیکو سرجری ( لیزر کے ذریعہ موتیا) کے آپریشن کے شعبہ کا افتتاح کیا، اس موقع پر میٹروپولیٹن کمشنر ڈاکٹر سید سیف الرحمن، سینئر ڈائریکٹر میڈیکل و ہیلتھ سروسز ڈاکٹر بیربل گینانی، لائنز کلب آف پاکستان کے لائن ابو بکر کریم، اسپتال کے سابق ایم ایس ڈاکٹر نیاز بروہی اور فیصل ایدھی ، لائن ارشد اسلام، لائن عبدالرحمن الانہ، افضل آڈھیا اور دیگر نے شرکت کی، میئر کراچی وسیم اختر نے اس موقع پر منعقد تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اسپنسر آئی اسپتال کو بہتر اور فعال بنانے کے لئے فوری طور پر اسپتال کے موجودہ ایم ایس سمیت سابقہ اور انتہائی تجربہ کار ڈاکٹرز پر مشتمل کمیٹی تشکیل دی جارہی ہے جس کی مشاورت سے اسپتال کو ایک بار پھر نئے انداز میں بحال کیا جائے گا جبکہ اسپنسر آئی اسپتال میں سری لنکا سے خصوصی طور پر آنکھوں کے قرنیے منگوانے کا بندوبست کرلیا گیا ہے، بلدیہ عظمیٰ کراچی کی کوشش ہوگی کہ ہر ماہ 4قرنیے اسپتال کو مل جائیں جنہیں آپریشن کے ذریعہ نابینا مریضوں کو لگا دیا جائے گا، انہوں نے کہا کہ ماضی میں اسپتالوں پر توجہ نہ دینے کے باعث آج اسپتالوں کی حالت زار بہت خراب ہے ہماری کوشش ہے کہ عوام کی سہولت کے لئے جتنا زیادہ ممکن ہو اسپتالوں کی بہتری کے لئے کام کریں یہی وجہ ہے کہ اسپنسر آئی اسپتال کی وہ شان اور عظمت جو ماضی میں کبھی تھی اسے دوبارہ واپس لانے کے لئے کام کرنا شروع کردیا گیا ہے اور اب غریب عوام ایک بار پھر اسپنسر آئی اسپتال میں مہنگے آپریشن مفت میں کراسکیں گے، میئر کراچی وسیم اختر نے لائنز کلب آف پاکستان سمیت دیگر مخیر حضرات کا شکریہ ادا کیا کہ وہ اسپنسر آئی اسپتال کو بہتر سے بہتر بنانے میں اپنی خدمات پیش کررہے ہیں انہوں نے کہا کہ اب وقت آگیا ہے کہ مخیر حضرات باہر نکلیں اور ایسے ادارے جو مالی طور پر کمزور ہیں اور جن کا تعلق براہ راست عوام سے ہے انہیں مستحکم کرنے میں تعاون کریں۔