شرح سود کم ہونے سے نجی شعبے میں قرضوں کی فراہمی بڑھے گی: موڈیز
کراچی (این این آئی) عالمی کریڈٹ ریٹنگ ایجنسی موڈیز نے کہا ہے کہ پاکستان کی معاشی ترقی کی شرح نمو 2 سے ڈھائی فیصد تک رہنے کا امکان ہے۔ عالمی کریڈٹ ریٹنگ ایجنسی نے اپنی رپورٹ میں کہا کہ رواں برس پاکستان کی معاشی ترقی کی شرح نمو 2 سے ڈھائی فیصد تک رہنے کا امکان ہے۔ شرح سود میں کمی سے نجی شعبے میں قرضوں کی فراہمی میں اضافہ ہوگا اور قرض داروں کی قرضوں کی واپسی کی صلاحیت کو بہتر بنانے میں مدد ملے گی۔ شرح سود میں کمی سے بینکوں کے مارجن اور آمدن متاثر ہوگی۔ اس کے علاوہ بینکوں کے اثاثہ جات کے معیار پر بھی دباؤ میں اضافہ ہوگا۔ تاہم بینکوں کے لئے کیپیٹل کنزرویشن بفر ختم ہونے سے بینکوں کی قرض فراہمی کی صلاحیت بہتر ہوگی۔ عالمی کریڈٹ ریٹنگ ایجنسی کے مطابق کورونا وبا کے پیش نظر سپلائی چین کے مسائل اور برآمدی آرڈرز کی منسوخی سے ٹیکسٹائل کا شعبہ زیادہ متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔ اس کے علاوہ نقل وحرکت پر پابندی کے باعث پاکستان میں خدمات کا شعبہ بھی متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔