پنجاب :آٹا بحران بڑھ گیا‘ اوکاڑہ میں 600 من ذخیرہ گندم برآمد‘ گودام سیل
لاہور/ نارنگ منڈی/ سرائے مغل/ اوکاڑہ (کامرس رپورٹر+نامہ نگاران) لاہور سمیت دیگر شہروں اور مضافات میں آٹا بحران بڑھ گیا۔ ذخیرہ اندوزوں نے مصنوعی قلت پیدا کر کے مرضی کے ریٹ مقرر کر دیئے۔ جبکہ نارنگ منڈی میں یوٹیلٹی سٹورز پر اشیائے ضروریہ نایاب ہو گئیں۔ تفصیلات کے مطابق سرائے مغل میں ذخیرہ اندوزوں نے آٹا غائب کر لیا۔ ذخیرہ اندوزوں فلور ملوں اور چکی والوں نے آٹے کی قیمتیں بڑھانے کیلئے مصنوعی قلت پیدا کر دی ہے۔ درجنوں شہریوں نے ضلعی انتظامیہ سے شکوہ کرتے ہوئے کہا کہ عام مارکیٹ میں آٹا نایاب ہے۔ دکاندار مرضی کے ریٹ وصول کر رہے ہیں۔ جبکہ متعلقہ اہلکار دیہاڑی لگا کر غائب ہو جاتے ہیں۔ بیشتر ہول سیلر نے اپنی خود ساختہ ریٹ مقرر کر دیئے ہیں۔ نواحی علاقوں میں آٹے کا 20 کلو کا تھیلا 12 سے 1400 روپے میں فروخت ہو رہا ہے۔ نارنگ منڈی و گردونواح کے تمام یوٹیلٹی سٹورز پر آٹا چینی آئل اور دالوں کی عدم دستیابی کے باعث عوام کو شدید پریشانی کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے اور کئی روز سے آٹا نہ ملنے کی وجہ سے عوام شدید مشکلات کا شکار ہیں۔ اوکاڑہ میں سپیشل مجسٹریٹ کا چھاپہ 600 مین ذخیرہ گندم قبضہ میں لیکر گودام کو سیل کر دیا گیا۔ دیپالپور روڈ اوکاڑہ پر سٹاکسٹ نعیم‘ سلیم نے کرونا وائرس کے باعث مشکل حالات میں غذائی قلت پیدا کرنے کی کوشش کی۔ مجسٹریٹ کی رپورٹ پر تھانہ صدر اوکاڑہ میں مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔ لاہور میں گزشتہ روز بھی بیشتر علاقوں میں دکانوں پر آٹا نایاب رہا جس کے باعث لوگوں کو پریشانی کا سامنا کرنا پڑا۔ لاہور آٹا ڈیلرز ایسوسی ایشن کے صدر حاجی یوسف کے مطابق لاہور میں طلب سے زائد آٹے کی سپلائی کی جا رہی ہے لیکن لوگ ضرورت سے زائد آٹا خرید رہے تھے اور دوسری طرف رمضان سے قبل ہی صاحب ثروت لوگوں نے غرباء میں تقسیم کے لئے بڑی مقدار میں آٹا خریدنا شروع کر دیا ہے جس سے آٹا نایاب ہوا ہے۔