نامور سرمایہ کار حسین دائود فیملی کا ایک ارب روپے دینے کا اعلان
کراچی(اے پی پی)ملک میں پھیلی کرونا وائرس Covid-19کی وبا کے خلاف جنگ کو موئثر انداز میں لڑنے کیلئے ملک کے نامور سرمایہ کار حسین دائود نے اپنی فیملی، اینگرواور دائود ہرکولیس گروپ کی جانب سے ایک ارب روپے کی مالی اور خدمات کی صورت میں امداد دینے کا اعلان کیا ہے۔اس موقع پر حسین دائود نے کہا کہ ہم اس وقت ملک میں پھیلے اس پیچیدہ مسئلے کے حل میں مدد فراہم کرنے کیلئے پرعزم ہیں او ر یہ ہماری ذمہ داری ہے کہ جب ہماری قوم کو ہماری سب سے زیادہ ضرورت ہو تو ہم ایسے وقت میں اپنی قوم کی بہترین خدمت کریں۔یہ ہماری بنیادی اقدار ہیں جن پر عمل کرنے کیلئے ہم بطور ایک ذمہ داری شہری اور ادارہ کوششیں کرتے رہتے ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ اس وقت بیک وقت کئی محاذوں پر کام کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے اس وائرس کے پھیلائو اوراثرات کو کم کرنے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔انہوں نے بتایا کہ ان کا گروپ اس وائرس کے خلاف بیماری کی روک تھام ، جانچ اور تشخیص،اس وبا کے خلاف جنگ لڑنے والے ڈاکٹرز اور دیگر طبی عملے کی حفاطت، مریضوں کی دیکھ بھال اور ان کی فراہم کی جانے سہولیات کو یقینی بنانے اورمعاشرے کے سب مستحق افراد تک ضروریاتِ زندگی کی فراہمی کو یقینی بنانے جیسے محاذوں پر کام کرے گا۔انہوں نے مزید کہا کہ ہم حکومت اور دیگر فلاحی تنطیموں کی کاوشوں کا خیر مقدم کرتے ہیں جنہوں نے اس چیلنج سے نمٹنے کیلئے بیڑا اٹھایا ہے اور ہم کوشش کررہے ہیں کہ اس حوالے سے جو بھی فلاحی کام ہورہا ہے اس سے سیکھیں اور اس کو مزید بڑھاوا دیں تاکہ قوم اس سے مستقل بنیادوں پر مستفید ہوسکے۔انہوں نے کہا کہ یہ حقیقت ہے کہ پاکستانی عوام اپنے عزم میں بہت پختہ ہے اور میں امید کرتا ہوں کہ وہ صحت سے متعلق پیشہ ورانہ افراد کے مشوروں پر عمل پیرا ہوکر اپنی، اپنے اہل خانہ اور اپنی برادری کی دیکھ بھال کرکے اس بحران کا سامنا کرے گی۔ میں حکومت، مسلح افواج، قانون نافذ کرنے والے اداروں ، ڈاکٹرز، پیرا میڈیکل اسٹاف، این جی اوز، فلاحی اداروں اور ان گنت افراد کی بے لوث خدمات پر ان کو سلام پیش کرتا ہوں جواپنی جانوں کو خطرے میں ڈال کر اس وبائی مرض کے خلا ف جدوجہدمیں مصروفِ عمل ہیں۔میری دعا ہے کہ رب کریم ہماری قوم اور دیگر تمام لوگوں کو ہمت اور صبر کے ساتھ اس چیلنج کا مقابلہ کرنے کی توفیق عطا فرمائے ۔