انسان اصول فطرت کی جانب لوٹ رہا ہے ، دردانہ صدیقی
کراچی(نیوزرپورٹر )آزمائش کی اس گھڑی میں انسان فطرت کے انہی اُصولوں کی جانب لوٹ رہا ہے جو آج سے چودہ سو سال پہلے نبی مہربان صلی اللہ علیہ وسلم نے وضع کیے تھے۔ یہ بات سیکریٹری جنرل حلقہ خواتین جماعت اسلامی پاکستان دردانہ صدیقی نے استقبالِ رمضان کے سلسلے میں کارکنان سے خصوصی آن لائن خطاب میں کہی ۔انہوں نے کہا کہ آج اللہ تعالی نے ہمیں ایک بار پھر اپنی جانب پلٹنے کا موقع دیا ہے ہے۔ ان حالات میں جب دنیا اور انسانیت اسلام کے نظام عدل کی منتظر ہے جماعت اسلامی کے کارکن کی حیثیت سے ہمیں اس وقت اپنی قوم اور انسانیت کے مسیحا کا کردار ادا کرنا ہے ۔انہوں نے کارکنان کو عملی میدان میں کام کرنے کے لیے مختلف ہدایات دیتے ہوئے کہا کہ اپنے محلے اور اردگرد مستحق خاندانوں کی خصوصی خبر گیری کرنا بحیثیت داعی ہمارا سب سے پہلا فرض ہے ۔انہوں نے مزیدکہا کہ اس وقت خصوصی طور پر عبادات کے ساتھ انفرادی محاسبہ کو بہت زیادہ اہمیت دی جائے انہوں نے کارکنان کو مرکز کی طرف سے جاری کردہ ہدایات پر عمل کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے مختلف تنظیمی امور کو آن لائن جاری رکھنے پر بھی زور دیا۔ ملک بھر میں ذمہ داران اور کارکنان کی بہت بڑی تعداد نے بیک وقت خطاب سنا۔یہ خصوصی خطاب حلقہ خواتین جماعت اسلامی پاکستان کے سوشل میڈیا اکاؤنٹس اور ویب سائٹ پر سنا جاسکتا ہے۔
، دردانہ صدیقی