اسٹینڈرڈ چارٹرڈ کا کرونا کی امداد کیلئے ایک ملین ڈالرز کا عطیہ
کراچی(کامرس رپورٹر) اسٹینڈرڈ چارٹرڈ پاکستان نے ریڈ کراس اور یونیسف کے پروگراموں کے لیے ایک ملین امریکی ڈالرز کا عطیہ دیا ہے جس کا مقصد COVID-19 کی وباء سے متاثر ہونے والی آبادیوں کو ہنگامی امداد فراہم کرنا ہے۔اسٹینڈرڈ چارٹرڈپاکستان کی جانب سے فور ی طبی امدادکے لیے 3لاکھ امریکی ڈالرز فراہم کیے جائیں گے جبکہ یونیسیف کو 7 لاکھ امریکی ڈالرز فراہم کیے جائیں گے تاکہ وہ غریب اورغیر محفوظ بچوں کو فوری تحفظ فراہم کرنے کے ساتھ تعلیم بھی فراہم کر سکے۔ یہ دونوں عطیات اسٹینڈرڈ چارٹرڈ پی ایل سی کے 10 ملین امریکی ڈالرز کے وعدے کا حصہ ہیں جن میں سے 5 ملین امریکی ڈالرز ریڈ کراس کو اور 5ملین امریکی ڈالرز یونیسف کو فراہم کرنا تھے تاکہ وہ ایشیا اور افریقہ میںCOVID-19 سے متاثر افراد کے لیے ہنگامی امدادی سرگرمیاں شروع کر سکیں۔ ریڈ کراس اور ہلال احمر مختلف ممالک میں خدمات انجام دینے کی غرض سے ابتدائی اور ثانوی ہیلتھ کیئر، حفاظتی اقدامات کے بارے میں روابط،عملے کے ارکان اور رضاکاروں کو پرسنل پروٹیکٹو ایکوپمنٹ (PPEs) کی فراہمی اور COVID-19 سے متاثر ہونے والے افراد میں خورا ک اور کیئر پیکیجز کی تقسیم سمیت امدادی سرگرمیاں شروع کریں گی۔اس عطیے سے یونیسیف ٹی وی ، ریڈیو ،آن لائن اور موبائل پلیٹ فارموں کے ذریعے دور دراز علاقوں میں بچوں کو تعلیم کی فراہمی کے علاوہ اْن کی دیکھ بھال کے متبادل انتظامات بھی کرے گی اورCOVID-19 کی وجہ سے اپنے خاندانوں سے بچھڑ جانے والے بچوں کے لیے فیملی ٹریسنگ سروسز سمیت تحفظ فراہم کرے گی۔ علاوہ ازیں، یونیسف سماجی کارکنان کو تربیت فراہم کرے گی تاکہ و ہ غریب اورغیر محفوظ بچوں کو اْن کے گھروں پر ذہنی صحت کے حصول میں مدد کرسکیں۔ مزید برآں، یونیسف، COVID-19 سے متاثر ہونے والے والدین اور دیکھ بھال کرنے والے افراد کے بچوں کو بھی متبادل کیئر اور تحفظ کی خدمات فراہم کرے گی۔