• news

قومی ٹیم ویسٹ انڈین بیٹنگ کی تباہی سے سبق سیکھے،رمیز راجہ

کراچی(اسپورٹس رپورٹر)سابق قومی کپتان اور موجودہ کمنٹیٹر رمیز راجہ نے قومی کرکٹ ٹیم کو ویسٹ انڈین بیٹنگ کی تباہی سے سبق سیکھنے کا مشورہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستانی بیٹسمینوں کو انگلینڈ کیخلاف اننگز مستحکم کرنے کا فن سیکھنا ہوگا کیونکہ کامیابی کیلئے نصف سنچریاں کافی نہیں ہوں گی۔رمیز راجہ کا کہنا تھا کہ مضبوط انگلش بالنگ نے دوسرے ٹیسٹ میں شارٹ پچ گیندوں پر ویسٹ انڈین بیٹنگ کو تباہ کردیا اور حریف بالرز پاکستانی ٹیم کو ٹھکانے لگانے کیلئے یہی حربہ استعمال کریں گے لہٰذا اس بات کو یقینی بنانا ہوگا کہ گرین شرٹس اپنی نصف سنچریوں کو تھری فیگر اننگز میں تبدیل کریں اور باؤنسرز کے حملوں کیلئے تیار رہیں خاص کر اس وقت جب انہیں نئی گیند کا سامنا کرنا ہوگا جو مشکلات کا باعث بنے گی۔عصر حاضر کے بہترین کمنٹیٹر کا کہنا تھا کہ وہ پہلے ہی اس بات کی نشاندہی کر چکے ہیں کہ پاکستانی ٹیم تین اوپنرز کے ساتھ میدان سنبھالے اور امام الحق کو ون ڈاؤن پوزیشن پر کھلایا جائے کیونکہ انگلش فاسٹ بالنگ کو قابو کر کے ہی پاکستانی ٹیم انگلینڈ کیخلاف ٹیسٹ میچ جیت سکتی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ عابد علی شارٹ بالز کو اعتماد سے نہیں کھیلتے جنہیں کڑی آزمائش سے گزرنا ہوگا۔

ای پیپر-دی نیشن