• news

سونے کی قیمت نے ملکی تاریخ کے تمام ریکارڈ توڑ دیئے: فی تولہ 1 لاکھ 18 ہزار سے تجاوز کر گیا

کراچی(کامرس رپورٹر) مقامی صرافہ مارکیٹوں میں سونے کی قیمت ملکی تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی۔ گزشتہ روز بھی سونا مزید مہنگا ہوکر 1400روپے کے اضافے سے ایک لاکھ 18ہزار700روپے فی تولہ کی ریکارڈ سطح پر پہنچ گیا۔آل کراچی صراف اینڈ جیولرز ایسوسی ایشن کے مطابق جمعہ کو دس گرام سونے کی قیمت بھی 1200روپے کے اضافے سے ایک لاکھ1ہزار766روپے ہوگئی جب کہ چاندی کی فی تولہ قیمت 50روپے کے اضافے سے1400روپے ہوگئی۔انٹرنیشنل گولڈ مارکیٹ میں سونے کی فی اونس قیمت 14روپے کے اضافے سے1896ڈالر ہوگئی ۔ واضح رہے کہ گزشتہ ایک ہفتہ کے دوران مقامی مارکیٹ میں فی تولہ سونے کی قیمت میں 9ہزار روپے سے زائد اضافہ سے 1لاکھ 11ہزار 250روپے سے بڑھ کر 1لاکھ 18ہزار 700روپے تک پہنچ گئی۔ تاہم صرافہ مارکیٹ ذرائع کے مطابق سونے کی قیمت میں اضافہ کی وجہ عالمی مارکیٹ میں قیمتوں میں تیزی اور لاک ڈاؤن اور فلائٹ آپریشن متاثر ہونے کے باعث سونے کی درآمد متاثر ہوئی ہے جبکہ ڈالر کی قدر میں بھی مسلسل اضافہ دیکھا جا رہا ہے جس سے سرمایہ کار سونے میں سرمایہ کاری کررہے ہیں جس سے سونے کی مانگ میں اضافہ ہوا اور نتیجتاً قیمت میں ہوشربا اضافہ دیکھنے میں آرہا ہے۔

ای پیپر-دی نیشن