• news

 نواب آف جونا گڑھ محمد جہانگیر خان جی کی زیر صدارت تقریب‘ حاجی حنیف طیب و دیگر کی شرکت

کراچی(سٹی نیوز) پاکستان کے نقشہ میں جونا گڑھ اور ماناوادر کی ریاستوں کو ظاہر کرنے کی ستائشی تقریب جونا گڑھ ہائوس میں منعقد کی گئی جس کی صدارت نواب آف جونا گڑھ محمد جہانگیر خان جی نے کی۔ پروگرام میں سابق وفاقی وزیر پیٹرولیم اور جونا گڑھ اسٹیٹ کونسل کے رکن ڈاکٹر  حاجی محد حنیف طیب‘ پیر سید جنید باپو جیلانی‘ نوابزادہ علی مرتضیٰ خانجی‘ معین خان‘ محبوب حسن نظامی‘ عبدالمجید منشی‘ عقیل  احمد خان اور دیگر عمائدین نے شرکت کی۔ نواب آف جونا گڑھ نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے حکومت پاکستان کا شکریہ اداکیا کہ ایک طویل عرصہ کے بعد حکومت مقبوضہ کشمیر کے ساتھ جونا گڑھ اور مانا وادر کے مسئلہ کو بھی عالمی سطح پر اٹھانے کا عندیہ دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جونا گڑھ ایک عالمی متنازعہ مسئلہ ہے جو اقوام متحدہ میں زیر التوا ہے۔ ڈاکٹر حاجی محمد حنیف طیب نے کہا کہ پاکستان کی معاشی بنیادیں جونا گڑھ سے تعلق رکھنے والی مال دار برادریوں کی دولت پر رکھی ہوئی ہیں۔ تقریب کے بعد نواب صاحب نے ڈاکٹر حاجی  محمد حنیف طیب‘ پیر سید جنید باپو اور دیگر کو توصیفی اسناد پیش کیں۔

ای پیپر-دی نیشن