5سالہ مروہ صادق کو زیادتی کے بعد بھاری چیز مارکرقتل کیاگیا
کراچی(پی پی آئی) عیسیٰ نگری کے علاقے میں 5 سالہ مروہ صادق کو زیادتی کے بعد سر پر بھاری چیز مارکرقتل کیاگیاتھا۔ذرائع کے مطابق ایم ایل او کی جانب سے جاری میڈیکل رپورٹ میں انکشاف ہوا ہے کہ بچی کی لاش پڑے رہنے کی وجہ سے خراب ہوئی۔دوسری جانب پولیس کا کہنا ہے کہ مشتبہ افراد کو تھانے بلاکر بیانات قلمبند کررہے ہیں۔دریں اثنا پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ 5سالہ بچی سے زیادتی اور قتل انسانیت سوز واقعہ ہے۔ سندھ پولیس مجرم تک پہنچے اور اسے کیفرکردار تک پہنچائے۔چیئرمین بلاول بھٹو نے بچی سے زیادتی کی تفتیش پر سندھ پولیس کو نتائج دینے کی ہدایت کرنے ہوئے کہا کہ تفتیش کو ہنگامی بنیادوں پر آگے بڑھایا جائے۔خیال رہے کہ رواں سال مارچ میں پاکستان کے سینیٹ نے قصور میں زیادتی کے بعد قتل ہونے والی بچی زینب سے منسوب اور بچوں کے تحفظ سے متعلق ’’زینب الرٹ بل 2020‘‘ کثرت رائے سے منظور کرلیا تھا۔زینب الرٹ بل 2020ء کے تحت بچوں کے خلاف جرائم کے مرتکب ہونے والوں کو سزائے موت سے لے کر عمر قید یا پھر زیادہ سے زیادہ 14 سال اور کم سے کم سات سال قید کی سزا ہوگی۔اس سے قبل قومی اسمبلی نے زینب الرٹ بل 2020 کی منظوری دے دی تھی۔زینب الرٹ بل 2020 کے تحت بچوں کو اغوا اور ان کے ساتھ زیادتی کرنے والوں کو عمر قید کی سزا ہو گی۔ مقدمہ درج نہ کرنے والے پولیس اہلکار بھی جیل جائیں گے۔