کرونا وائرس سرکاری ونجی تعلیمی اداروں کو محفوظ بنانے کیلے حکمت عملی مرتب
کراچی (نیوزرپورٹر)سرکاری اور نجی تعلیمی اداروں کو پوسٹ کو وِڈ19 کی صورت حال میں محفوظ رکھنے کے لیے حکمت عملی وضع کر دی گئی ہے جبکہ تعلیمی ادارے کھولنے سے متعلق اصولی فیصلے کے بعد نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹرنے بھی والدین کے لیے خصوصی ہدایات جاری کردی ہیں۔ذرائع کے مطابق سندھ میں بھی اسکول و کالجز کھولے جانے کا اعلان کیا گیا ہے تاہم اسکول و کالجز ایس او پیز کے تحت ہی کھلیں گے، اس سلسلے میں محکمہ تعلیم نے نوٹیفکیشن جاری کر دیاہے۔اسکول انتظامیہ، والدین، اساتذہ، طلبہ، ٹرانسپورٹرز اور اسکول منیجمنٹ کمیٹیوں کو پانچ حصوں میں تقسیم کر کے 76 نکاتی ایس او پیز کا الگ الگ پروفارما تیار کیا گیا ہے۔ایس او پیز کے مطابق ماسک اور سینی ٹازر کا استعمال، اسکول و کالجز اور ٹرانسپورٹ میں فاصلہ رکھنے سمیت اعلی معیاری ماحول کی فراہمی ضروری قرار دی گئی ہے، نوٹیفکیشن میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ جاری سال کے سلیبس میں تدریس کے محدود دنوں کے دوران ہی سلیبس کی تکمیل کی جائے گی۔ہدایت کی گئی ہے کہ 4 صفحات پر مشتمل ایس او پیز پر عمل کو یقینی بنانا ہوگا، تمام کلاسز میں فاصلوں کو یقینی بنایا جائے گا، ٹیچرز کی ٹائمنگ کو شفٹ کے ساتھ ایڈجسٹ کیا جائے، اسکول ٹائمنگ میں سب ماسک پہنیں گے۔نوٹیفکیشن کے مطابق ہر ہفتے اسکول کو ڈس انفیکٹ کیا جائے گا، اسکول کے باہر ٹھیلے لگانے کی اجازت نہیں ہوگی، اس سلسلے میں ڈپٹی کمشنرز کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ تمام اجازت نامے منسوخ کر دیں، اگر اسکول کے باہر کوئی ٹھیلہ لگاتا ہے تو پولیس کو اطلاع دی جائے۔نوٹیفکیشن میں طلبہ کے کلاس رومز کے نقشہ جات بھی تیار کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔تعلیمی ادارے کھولنے کے اصولی فیصلے کے بعد والدین کیلئے بھی خصوصی ہدایات جاری کردی گئی ہیں۔این سی او سی نے اپنی ہدایات میں والدین کو پابند کیا ہے کہ وہ بچوں کو ماسک پہنا کر اسکول روانہ کریں، بچوں کو ماسک پہنائیں چاہے وہ کپڑے کاہی کیوں نہ ہو۔این سی اوسی کی ہدایات کے مطابق بچوں کو کھانسی یابیماری کی علامات ظاہر ہونے پر اسکول نہ بھیجیں، طبیعت زیادہ خراب ہو تو بچوں کا فوری ٹیسٹ کرایا جائے۔این سی او سی نے زور دیا کہ ٹیسٹ پازیٹو آنے کی صورت میں اسکول کو مطلع کیا جائے۔
سرکاری ‘ نجی تعلیمی اداروں