ڈاکٹر پنجوانی سینٹر میں روزانہ ایک ہزار کرونا وائرس ٹیسٹ
کراچی(اے پی پی) حکومتِ سندھ کے تعاون سے ڈاکٹر پنجوانی سینٹر برائے مالیکیور میڈیسن اور ڈرگ ریسرچ ، جامعہ کراچی میںموجودہ وبائی صورتِ حال میں80ہزار سے زیادہ پی سی آر پر مبنی کرونا وائرس کے ٹیسٹ ہوئے، جس سے اس ادارے کی تحقیقی استعداد کا اندازہ ہوتا ہے، یہاں روزانہ ایک ہزار ٹیسٹ کیے جاتے ہیں، چند ماہ قبل سندھ حکومت نے ڈاکٹر پنجوانی سینٹر کے نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف وائرولوجی کی جدید بائیو سیفٹی لیول تھری لیبارٹری کی تکمیل کے لیے تقریبا ًساڑھے پانچ کروڑ روپے(RS.58.28million)مختص کیے تھے، جامعہ کراچی میں کرونا وائرس کی تشخیص کی استعداد پیدا ہوئی۔ یہ بات بین الاقوامی مرکز برائے کیمیائی و حیاتیاتی علوم (آئی سی سی بی ایس) جامعہ کراچی کے سربراہ اور کامسٹیک کے کوارڈینیٹر جنرل پروفیسر ڈاکٹر محمد اقبال چوہدری نے نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف وائرولوجی جامعہ کراچی میںمنعقدہ ایک اجلاس کے دوران کہی۔ پروفیسر اقبال چوہدری نے ڈاکٹر پنجوانی سینٹر کی اس کارکردگی پر ادارے کے محقیقین اور اسٹاف کی دن رات کی کوششوں کو سراہا، انھوں نے وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ، صوبائی وزیر صحت ڈاکڑ عذرا فضل پیچو کے مسلسل تعاون کو بھی سراہا اور ان کا شکریہ ادا کیا۔ انھوں نے کہا نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف وائرولوجی ایک جدیدتحقیقی ادارہ ہے جو ڈاکٹر پنجوانی سینٹر جامعہ کراچی کے زیر انتظام کام کرتا ہے، اس کی تمام تجربہ گاہیں صحت کے عالمی ادارے کے معیار کے عین مطابق ہیں جہاں وائرولوجی سے متعلق تقریباً تمام ٹیسٹ انجام دینے کی صلاحیت موجود ہے۔