بچیوں سے زیادتی ‘سر عام پھانسی کے قانون کی حمایت کرینگے : ثروت اعجاز قادری
کراچی ( نیوزرپورٹر)سربراہ پاکستان سنی تحریک محمد ثروت اعجاز قادری نے کہا ہے کہ بچیوں سے زیادتی کی سزا کے ملزمان کو سر عام پھانسی کے قانون کی حمایت کرینگے ، موٹروے زیادتی کیس سے دنیا بھر میں ملک کی جگ ہنسائی ہوئی ہے حکومت انصاف کی فراہمی کو یقینی بنائے ،موٹروے زیادتی کیس میں ملوث مجرموں کو سر عام پھانسی کی سزا دیجائے ،بیرونی ایجنڈے کی تکمیل کو پورا کرنے کیلئے زیادتی کے کیسیز میں اضافہ اور صحابہ کرام کی شان میں گستاخی ہورہی ہے ،عدلیہ کی توہین پر عدالتیں فوری سو موٹو ایکشن لیتی ہیں ،صحابہ کرام کی شان میں گستاخی پر کوئی ازخود نوٹس نہیں لیا جاتا،انصاف کی بالادستی چاہتے ہیں مگر ملک میں آج بھی عدلیہ مکمل طور پر آزاد نہیں ہیں ،گستاخ رسول وگستاخ صحابہ کوفوری سزائیں دی جائیں تو کسی میں جرأ ت نہیں ہوگی کہ وہ دین اسلام کی مقدسات کے خلاف گستاخی کرسکے،ملک کے معاشی حالات بہتر نہیں ہے حکومت دعوئوں سے کام چلا رہی ہے ،غربت ختم کرنے کی بجائے مہنگائی کے طوفان کے ذریعے غریب کو ختم کیا جارہا ہے ،یہ ہی صورتحال رہی تو ملک میں خانہ جنگی کے خدشات منڈلارہے ہیں ،ملک بیرونی مداخلت کو مسترد کئے بغیر ترقی نہیں کرسکتا ،حکومت مہنگائی کرکے غریبوں کا خون نچوڑ رہی ہے ،حکومتی ناقص پالیسیوں کے باعث جرائم میں اضافہ ہورہا ہے ،ان خیالات کا اظہار انہوں نے حیدرآباد سے کراچی پہنچنے پرسندھ کے صدر نور احمد قاسمی وصوبائی رہنمائوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ،ثروت اعجاز قادری نے کہا کہ عوام پہلے ہی دووقت کی روٹ کیلئے پریشان تھے آٹا مہنگا کرکے مزید مشکلات پیدا کردی گئیں ،انہوں نے کہا کہ ملک کو معاشی طور پر بہتر بنانے کیلئے حکومت تمام اکائیوں کو ساتھ لیکر چلے ۔