آرٹس کونسل میں چوتھا تین روزہ سندھی فیسٹیول شروع
کراچی (اسٹاف رپورٹر) چوتھا سندھ لٹریچر فیسٹیول کا کراچی میں آغاز ہو گیا۔فیسٹیول تین دن جاری رہے گا۔ افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر ثقافت سید سردار علی شاہ نے کہا کہ ہم نے ہمیشہ پاکستان کو جوڑنے کی بات کی ہے آج سندھ کی ثقافت میں نوجوان بڑھ چڑھ کر حصہ لے رہے ہیں، سندھ کی عوام اب روایتی باتیں سن کر تھک چکے ہیں وہ کچھ منفرد سننا چاہتے ہیں، انہوں نے کہاکہ آرٹس کونسل کراچی سندھ کی ثقافت کو فروغ دینے میں اہم کردار ادا کررہا ہے،تھر سے لے کر کراچی تک کراچی سے سکھر، بدین اورحیدرآباد تک مختلف فیسٹیول منعقد ہوئے ہیں جو اچھی روایت ہے، آرٹس کونسل محمد احمد شاہ نے کہا کہ آرٹس کونسل کے دروازے ہر زبان کے لئے ہمیشہ کھلے ہیں ،آج بہت خوشی کا دن ہے کہ سندھ لٹریچر فیسٹیول کا سورج آب وتاب سے چمک رہا ہے ۔آرٹس کونسل کسان،مچھیرا،مزدور ان سب کا ادارہ ہے ۔مہتاب اکبر راشدی نے کہاکہ یہ فخر کی بات ہے کہ ایک مشکل دور سے گزر کر آج پھر یہ فیسٹیول لوگوں کے سامنے پیش کیا جارہا ہے،خوشی کی بات یہ ہے کہ سب مل کر اس شہر میں روشنیاں بحال کرنے کی کاوش میں ملوث ہیں۔سندھ لٹریچر فیسٹیول کے منتظم نصیر گوپانگ نے کہاکہ آج ایک سال بعد دوبارہ اس فیسٹیول کا انعقاد شاندار طریقے سے کیا جارہا ہے جو انتہائی خوش آئند ہے،اس تین دن کے فیسٹیول میں ہم نے سندھ کی تاریخ، تعلیم، سیاست اور تہذیب کے حوالے سے سیشنز منعقد کیے جارہے ہیں۔