آئی بی اے کی پہلی بین الاقومی اکنامک اینڈ سسٹینبل ڈیولپمنٹ کانفرنس
کراچی (نیوزرپورٹر) آئی بی اے کراچی کے اسکول آف اکنامکس اینڈ سوشل سائنسز اور سینٹر آف بزنس اینڈاکنامک ریسرچ نے باہمی اشتراک سے پہلی بین الاقومی اکنامک اینڈ سسٹینبل ڈیولپمنٹ کانفرنس منعقد کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔ یہ تین روزہ کانفرنس 2 تا4 اپریل کو آئی بی اے سٹی کیمپس میں منعقد ہوگی۔کانفرنس کا مقصد پاکستان اور دنیا کو درپیش چیلنجوں کے حل کے لئے مقامی اور عالمی سطح پر تخلیقی خیالات ، بہترین طریقہ ہائے کار اور دیگر اقدامات کو بروئے کار لانا ہے۔ اس کانفرنس نے صنعتی اور تدریسی ماہرین کی توجہ اپنی جانب مرکوز کروائی ہے۔ معروف ماہر معاشیات اور مصنف ، آکسفرڈ یونیورسٹی سے تعلق رکھنے والے ڈاکٹر لئنٹ پریچٹ خصوصی خطاب کریں گے جبکہ چیف اکنامسٹ، آیشیائی ترقیاتی بنک یاسویوکی ساواڈا ، سابق وفاقی وزیر خزانہ اور معاشی امور ڈاکٹر حفیظ پاشا، وزیر اعظم کی معاون خصوصی برائے سماجی تحفظ ڈاکٹرثانیہ نشتر، وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے ریونیو ڈاکٹر وقار مسعود خان اور متعدد مشہور شخصیات سیر حاصل بحث کا حصہ بنیں گے۔