مون سون بارش‘پیشگی انتظامات سے متعلق درخواست کی سماعت10جون مقرر
کراچی (وقائع نگار)سندھ ہائیکورٹ میں مون سون کی بارشوں سے کراچی میں ایک بار پھر تباہی کا خدشہ،عدالت نے مون سون بارش پیشگی انتظامات سے متعلق درخواست کی سماعت10جون کے لیے مقرر کردی،عدالت عالیہ نے سندھ میںمون سون بارشوں سے پیشگی انتظامات سے متعلق ہنگامی درخواست سماعت کے لیے منظور دیدی،درخواست گزار ندیم شیخ ایڈووکیٹ نے موقف اختیار کیا ہے کہ گزشتہ بارشوں میں کراچی ڈوب گیا تھا، اس بار بھی کراچی ڈوبنے کا خدشہ موجود ہے، سول ادارے ایک دوسرے سے باہمی رابطے کے لیے تیار نہیں، سول اداروں کی نااہلی کا خمیازہ شہریوں کو بھگتنا پڑ سکتا ہے، درخواست میں کہاگیاہے کہ متعلقہ اداروں سے پوچھا جائے، اب تک کیا انتظامات کیے گئے ؟ کتنے نالے صاف ہوئے؟ جامع رپورٹ طلب کی جائے، جبکہ گزشتہ بارشوں میں مختلف واقعات میں 41 قیمتی جانیں ضائع ہوئیں، گورنر سندھ کو تمام اداروں میں رابطے کا طریقہ کار بنانے کا حکم دیا جائے، درخواست میں گورنر سندھ، وزیراعلی سندھ، چیف سیکرٹری، سیکرٹری بلدیات، کمشنر کراچی، کنٹونمنٹ بورڈز کو بھی فریق بنایا گیا ہے۔