دبئی ایکسپو میں سندھ کی ثقافت کو اجاگر کیا جائیگا:وزیر ثقافت
کراچی (نیوزرپورٹر)دبئی ایکسپو 2020 کے حوالے سے سندھ سیکریٹریٹ میں اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں چیف سیکریٹری سندھ سید ممتاز علی شاہ، صوبائی وزیر ثقافت سید سردار علی شاہ، وزیر اعلی کے معاون خصوصی سید قاسم نوید قمر سمیت مختلف محکموں کے سیکریٹریز نے شرکت کی۔ اجلاس میں محکمہ انویسٹمنٹ کے حکام نے اجلاس میں دبئی ایکسپو 2020 میں سندھ صوبے کی شرکت کے حوالے سے آگاہی دیتے ہوئے بتایا کہ پاکستان پویلین میں تمام صوبوں کے ثقافتی نمائش کے لئے مخصوص مہینوں کا انتخاب کیا گیا ہے جس میں آکتوبر میں بلوچستان، نومبر میں پنجاب، دسمبر میں سندھ، جنوری میں خیبر پختونخوا، فروری میں گلگت بلتستان اور مارچ میں آزاد جموں و کشمیر کی ثقافتی نمائش ہوگی۔ اجلاس میں بتایا گیا کہ دسمبر میں دبئی کا قومی دن، سندھی کلچرل ڈے، گرانڈ صوفی کلاسیکل پرفارمینس، قائد اعظم کا یوم پیدائش اور 22 دسمبر کو سندھ انویسٹمنٹ کانفرس ہوگی۔ اجلاس میں چیف سیکریٹری سندھ سید ممتاز علی شاہ نے کہا کہ دبئی ایکسپو 2020 میں پاکستانی پویلین میں سندھ کے ثقافتی ورثے کو اجاگر کیا جائے گا, انہوں نے مزید کہا کہ دبئی ایکسپو میں صوبے میں جاری اہم منصوبوں کی بھی نمائش کی جائے گی۔ ممتاز علی شاہ نے تمام محکموں کے سیکریٹریز کو ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ وہ اپنے اہم منصوبوں کی تفصیلات محکمہ انویسٹمنٹ کو فراہم کریں جس کے بعد محکمہ انویسٹمنٹ اور پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ مل کر منصوبوں کی دبئی ایکسپو میں نمائش کو یقینی بنائیں گے۔ اجلاس میں صوبائی وزیر تعلیم اور ثقافت سید سردار علی شاہ نے کہا کہ دسمبر میں سندھی ثقافت دن کے موقع پر دبئی ایکسپو میں پروگرام منعقد کیا جائے گا۔ اجلاس میں وزیر اعلی سندھ کے معاون خصوصی برائے انویسٹمنٹ اور پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ پروجیکٹس سید قاسم نوید نے کہا کہ دبئی ایکسپو بہت جدید ایکسپو ہے جس میں حکومت سندھ کی جانب سے ماحول, دیہی و شہری ترقی، ٹریول کنیکٹوٹی، زراعت، پانی اور صحت جیسے موضوعات پر بھی ایونٹ ہونگے۔ انہوں نے کہا کہ دبئی ایکسپو کے زریعے سندھ میں سرمایہ کاری کے مواقع ملیں گے۔ دبئی ایکسپو 2020 کے حوالے سے حکومت سندھ نے چیف سیکریٹری کی سربراہی میں کمیٹی قائم کی ہے۔ کمیٹی میں صوبائی وزیر ثقافت اور معاون خصوصی برائے انویسٹمنٹ بھی شامل ہیں۔