• news

نہتے شہریوں کے قتل، گرفتاریوں کیخلاف آج مکمل ہڑتال ، چھاپے جاری ، مزید 9 گرفتار

سری نگر(کے پی آئی) کل جماعتی حریت کانفرنس کی اپیل پرمقبوضہ کشمیر میں نہتے شہریوں کے قتل ، بڑے پیمانے پر گرفتاریوں  کے خلاف جمعہ کو مکمل ہڑتال کی  جائے گی۔ اس روز مقبوضہ کشمیر میں شہری کاروبار زندگی معطل رکھ کر بھارتی ظالمانہ پالیسی کے خلاف احتجاج کریں گے ۔ بھارتی فورسز نے گزشتہ ایک ہفتے کے دوران ماورائے عدالت سے زیادہ شہریوں کو قتل اور ایک ہزار سے زیادہ شہریوں کو گرفتار کر لیا ہے ۔کل جماعتی حریت کانفرنس  نے بھارتی فورسز کی کارروائیوں کے خلاف جمعہ کو ہڑتال کی اپیل کی ہے ۔ ایک بیان میں ترجمان حریت کانفرنس نے کشمیری عوام سے کہاہے کہ وہ اپنے شہری حقوق پر قدغن کیلئے کالے قوانین کے نفاذ ، مسلمان ملازمین کی انکی ملازمتوں سے جبری برطرفی اور کشمیری نوجوانوں اور طلبا کی بڑے پیمانے پر گرفتاریوں کے خلاف احتجاج کیلئے جمعہ کو مکمل ہڑتال کریں۔ ترجمان نے ملازمین ، تاجروں، طلبا ، محنت کشوں، صحافیوں، وکلا اور حریت کارکنوں سمیت تمام شعبہ زندگی سے تعلق رکھنے والے کشمیریوں کے خلاف قابض انتظامیہ کی طرف سے جاری کریک ڈائونز اور غیر قانونی طورپر نظربند کشمیریوں کے خلاف انتقامی کارروائیوں کی مذمت کی۔ بدنام زمانہ تحقیقاتی ادارے این آئی اے نے مقبوضہ کشمیر کے مزید18 مقامات پر چھاپے مارے ہیں اس دوران  مختلف علاقوں میں 9 بے گناہ کشمیریوں کو گرفتار کرلیا ہے۔ این آئی اے نے سرینگر ، بڈگام ، پلوامہ اور شوپیاں کے اضلاع میں گھروں پر چھاپوں کے دوران 9 افراد کو گرفتار کیا جن میں محمد حنیف ، محمد حفیظ ، عارف فاروق ، اویس احمد ،متین احمد اوردیگر شامل ہیں۔این آئی اے نے ان افراد کے موبائل فون اور لیپ ٹاپ بھی ضبط کرلئے ۔ سری نگر کی تاریخی جامع مسجد انتظامیہ نے بھارتی پابندیوں کی پروا نہ کرتے ہوئے  جمعہ کے روز مسجد کھولنے اور نماز جمعہ ادا کرنے کا اعلان کیا ہے ۔ انجمن اوقاف جامع مسجد سرینگر نے کہا ہے کہ اوقاف نے15 اکتوبر 2021 کو حضور نبی اکرمؐ کے یوم ولادت کے موقع پرکورونا ایس او پیز پر سختی سے عملدرآمد کے ساتھ جامع مسجد سرینگر کو نماز جمعہ کے لیے کھولنے کا فیصلہ کیاہے۔ انجمن اوقاف نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں کہاکہ جب درگاہ حضرت بل سمیت تمام مساجد ، درگاہیں اور امام بارگاہیں مقدس ماہ ربیع الاول کے پیش نظر نماز کے لیے کھول دی گئی ہیں اور کرونا کیسز میں بھی نمایاں کمی ہوئی ہے تو قابض حکام کے پاس مقبوضہ جموں وکشمیر کی سب سے بڑی عبادت گاہ جامع مسجد سرینگر کو بند رکھنے کا کوئی جواز نہیں ہے ۔جموں و کشمیر میں ایک معمر خاتون کی لاش سرینگرسے برآمد ہوئی ہے۔معمر خاتون کی لاش شہر کے علاقے نواکدل کے قریب دریائے جہلم سے برآمد ہوئی ہے۔بھارتی پولیس کے ایک عہدیدار کے مطابق خاتون کی شناخت کی جارہی ہے ۔

ای پیپر-دی نیشن