آئی بی اے میں نیم بررہنہ قص کی محفل
کراچی (نیوز رپورٹر) انسٹیٹیوٹ آف بزنس ایڈمنسٹریشن (آئی بی اے) جامعہ کراچی کیمپس میں مخصوص طلباء کی محفل میں نیم برہنہ لباس پہن کر رقص اور غیر اخلاقی حرکتوں پر طلبہ تنظیمیں بپھر گئیں اور سڑکوں پر آگئیں ، آئی بی اے میں ہونے والے "ہم جنس پرستی" اور اسلامی اقدار کے منافی پروگرام منعقدہ کرنے کے خلاف طلبہ تنظیموں نے واقعہ کے خلاف جامعہ کراچی میںسخت احتجاج کیا اور آئی بی اے تک احتجاجی مارچ بھی کیااور نعرے بازی کی ،اس موقع پر سیکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے تھے ،انجمن اساتذہ جامعہ کراچی آئی بی اے میں نیم برہنہ لباس میں رقص کی محفل کی شدید مذمت کی جبکہ اسلامی جمعیت طلبہ نے واقعہ کو جامعہ کا وقار مجروح اور ماحول خراب کرنے کی کوشش قرار دیدیا اور کہا کہ انسٹیٹیوٹ آف بزنس ایڈمنسٹریشن تعلیمی ادارہ ہے یا بدمعاشی اور بے حیائی کا اڈہ ہے ، آئی بی اے انتظامیہ نے سخت ردعمل کا دیکھتے ہوئے انکوائری رپورٹ آنے پر ملوث طلبہ کو اپنے ادارے سے فارغ کرنے کا فیصلہ کر لیا ۔تفصیلات کے مطابق انسٹیٹیوٹ آف بزنس ایڈمنسٹریشن (آئی بی اے) کے جامعہ کراچی کیمپس میں مخصوص طلباء کی جانب سے رقص و سرور کی محفل منعقد کرنے اور غیر اخلاقی حرکات کرنے اور ہم جنس پرستی پر مبنی حرکتیں کرنے پر آئی بی اے کی انضباطی کمیٹی نے نوٹس لیتے ہوئے معاملے کی تحقیقات شروع کردی تھی تاہم واقعہ کے خلاف جامعہ کراچی کے طلبہ تنظیموں نے پیر کوآئی بی اے کے مرکزی دروازے پر احتجاجی مظاہر ہ کیا جس میں طلبہ نے بڑی تعداد میں شرکت کی ۔اسلامی جمعیت طلبہ کے ترجمان عمیر بیگ کے مطابق IBA میں اس سے قبل بھی بہت سی محافلِ موسیقی اور دیگر حیا باختہ پروگرامات منعقد کیے جاتے رہے ہیں ساتھ ہی اسی تعلیمی ادارے کے طلبہ و طالبات کی ایک کثیر تعداد قریبی کنٹینز پر انتہائی قابل اعتراض لباس اور حرکات و سکنات میں ملوث نظر آتے ہیں جس کی وجہ سے اکثر IBA تنازعات کی زد میں رہتا ہے اور ان افعال کی وجہ سے جامعہ کراچی جیسے مقدس تعلیمی ادارے کا بھی وقار مجروح اور ماحول خراب ہوتا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ اس سے قبل بھی اسی تعلیمی ادارے کے طلبہ نے جامعہ کراچی کے ایک استاد کو زد و کوب کیا تھادوسری جانب انجمن اساتذہ جامعہ کراچی نے آئی بی اے کراچی میں ہم جنس پرستوں کی جانب سے رقص کی محفل سجا کر تعلیمی ادارے کا تقدس پامال کرنے کی سخت مذمت کی اوران طلبہ کے خلاف ایکشن لینے کا مطالبہ کیا ہے۔ انجمن اساتذہ جامعہ کراچی کے صدر شاہ علی القدر اور جنرل سیکریٹری محسن علی کے مطابق تعلیمی اداروں کا مقصد صرف تعلیم ہی نہیں تربیت کرنا بھی ہے۔