دوسری سب سے خطرناک سڑک نیشنل ہائی وے‘ ملیر ہالٹ سے گھگر پھاٹک ٹریک پر رواں سال 12افراد جان سے گئے
کراچی (نیوز رپورٹر)کراچی میں رواں سال کے دس ماہ میں 162افراد ٹریفک حادثات میں جاں بحق ہوئے۔ سب سے زیادہ 41شہری ٹرک کی ٹکر اور کچلے جانے سے جان سے گئے۔ 130 موٹرسائیکل سوار مختلف حادثات میں لقمہ اجل بنے۔ بلدیہ ٹاو¿ن ناردرن بائی پاس وہ خونی سڑک ہے جہاں رواں سال سب سے ذیادہ ٹریفک حادثات ہوئے، رواں سال ناردن بائی پاس پر ٹریفک حادثات میں 18افراد جان سے جاچکے ہیں۔ کراچی کی دوسری سب سے خطرناک خونی سڑک نیشنل ہائی وے ہے، ملیر ہالٹ سے گھگر پھاٹک جانے والے نیشنل ہائی وے کے ٹریک پر رواں سال 12افراد لقمہ اجل بن چکے ہیں، تیسرے نمبر پر سب سے زیادہ حادثات شارع فیصل پر ہوئے۔ پی آئی ڈی سی سے ملیر ہالٹ کے راستے میں رواں سال 10افراد حادثات میں زندگی ہارچکے ہیں، گلبائی چوک کے قریب رواں سال سات افراد حادثات میں پیاروں کو روتا چھوڑ گئے۔ شہر بھر میں منی بسوں اور کوچز کی ٹکر سے17، ٹرک کی زد میں آکر 41، ٹرالر کے تلے دب کر 20، واٹر اور آئل ٹینکر سے کچل کر 29افراد جان سے گئے، پیدل چلنے والے 36افراد مختلف حادثات میں ہلاک ہوئے۔