معیشت تباہی کی جانب گامزن سخت اقدامات ناگزیر ہیں، زاہد اعوان
کراچی (کامرس رپورٹر)معروف بزنس مین ،سبزی م وفروٹ منڈی کے سینئررہنمااور چیئرمین تحریک عوام پاکستان زاہد اعوان نے کہا ہے کہ ملکی معیشت اس وقت تباہی کی جانب گامزن ہے، معیشت کو بہتری لانے کے لئے حکومت ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کرنا ناگزیر ہوگیا ہے، زاہد اعوان نے کہا کہ اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے زرمبادلہ کے ذخائر 7 بلین ڈالر سے نیچے گرنے سے مارکیٹ مزید بے چینی کا شکار ہے،حکومت اور اپوزیشن یہ سمجھے بغیر سیاست کرنے میں مصروف ہیں کہ صورتحال کتنی سنگین ہو چکی ہے۔مسلسل قیاس آرائیوں کے درمیان پاکستان ڈیفالٹ کے دہانے پر ہے، بجائے اس کے کہ اس کی کچھ وضاحت کی جائے،وزیر اعظم شہباز شریف نے اس ہفتے بھی وہی بات دہرائی کہ پاکستان ڈیفالٹ نہیں ہوگا، مگر اس حوالے سے کچھ نہیں بتایا کہ پی ڈی ایم کی مشترکہ حکومت نے ملک کو تباہی سے بچنے کے لیے کیا منصوبہ بنایا ہے۔زاہد اعوان نے کہا کہ وزیر اعظم شہباز شریف نے اس بات کی ضمانت دی کہ ملک ٹھیک ہو جائے گا۔ لیکن وزیراعظم شریف کی یقین دہانیاں کافی نہیں ہیں۔ اسلام آباد اور آئی ایم ایف کے درمیان کشیدگی کے باعث ملکی زرمبادلہ کے ذخائر 6.7 بلین ڈالر کی چار سال کی کم ترین سطح پر آگئے ہیں،ہمیشہ سے یہ ہوتا چلا آیا ہے کہ ہر آنے والی حکومت نے دوسری حکومت کو خراب معیشت کا ذمہ دار ٹھہرایا،کہ انہیں وراثت میں خراب معیشت ملی، تاہم موجودہ خطرناک صورتحال کو مدنظر رکھتے ہوئے، مسلم لیگ (ن) کو سستی پوائنٹ اسکورنگ کو روکنا ہوگا ،صورتحال مزید کشیدہ اور مزید تفرقہ انگیز ہوتی جارہی ہے اور حقیقی ثالثی کی ضرورت ہے۔