سردی کی شدت میں اضافہ، خشک میوہ جات عام آدمی کی پہنچ سے دور
اسلام آباد (کامرس ڈیسک) سردی کی شدت میں اضافے کے ساتھ ہی خشک میوہ جات عام آدمی کی پہنچ سے دور ہوگئے۔سرد موسم شروع ہوتے ہی خشک میوہ جات مونگ پھلی،اخروٹ،کاجو،بادام،انجیر ودیگر کی فروخت میں اضافہ ہوگیا ہے جس کے باعث دکانداروں نے من مانی قیمتیں وصول کرنا شروع کر دی ہیں،خشک میوہ جات کی قیمتوں میں ہوشربا اضافے کے حوالے سے شہریوں کا کہنا ہے کہ خشک میوہ جات کی قیمتوں میں تیزی سے اضافہ سمجھ سے بالاتر ہے۔شہریوں نے انتظامیہ سے خشک میوہ جات کی مناسب قیمتیں متعین کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔ دکانداروں کی طرف سے خشک میوہ جات کی قیمتوں کے مطابق مونگ پھلی 450سے650روپے تک،چلغوز5ہزارسے6ہزار 500روپے کلوتک،پستہ 2400سے3000روپے کلوتک،عام کوالٹی کی کھجوریں350 سے700روپے تک،بادام گری 1600سے2000روپے کلوتک ہے،اسی طرح دیگرمیوہ جات کی قیمتیں بھی عام آدمی کی قوت خرید سے باہر ہیں ۔