• news

مہنگائی کی شرح 27 فیصد سے تجاوز کرنا تشویشناک ہے،کاٹی


 کراچی (کامرس رپورٹر)کورنگی ایسو سی ایشن آف ٹریڈ اینڈ انڈسٹری (کاٹی)کے صدر فراز الرحمان نے ملک میں مہنگائی کی شرح 27 فیصد سے تجاوز کرنے پر تشویش کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں ڈالر کی قلت، ایل سیز نہ کھلنے سے خام مال پورٹ پر پھنسا ہے جس سے روزمرہ کے استعمال کی اشیا کی مانگ بڑھ رہی ہے تاہم سپلائی نہ ہونے کے باعث قیمتوں میں اضافہ ہو رہا ہے۔ صدر کاٹی نے ادارہ شماریات کے جاری کردی اعداد و شمار پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ یہ شرح ملکی تاریخ کی بلند ترین ہے جس کی عام عوام متحمل نہیں ہوسکتی۔ انہوں نے کہا کہ صنعتکاروں کیلئے بجلی اور گیس کی قیمت بھی تیزی سے بڑھ رہی ہے جس سے پیداواری لاگت بھی تاریخی بلندی پر پہنچ چکی ہے۔ فراز الرحمان نے کہا کہ صنعتکاروں کیلئے بجلی اور گیس کے متبادل ذرائع بھی مہنگے ہوتے جا رہے ہیں جس سے تنگ آکر صنعتکار انڈسٹری بند کرنے کو ترجیح دے رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ ایک ہفتہ میں دو بڑی آٹو انڈسٹریز نے عارضی بندش کا اعلان کیا تو دوسری جانب سینکڑوں نجی انڈسٹریز مکمل طور پر بند ہوچکی ہیں جس سے ہزاروں لوگ بے روزگار ہو رہے ہیں۔ صدر کاٹی نے کہا کہ حکومت ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کرتے ہوئے صورتحال کو بگڑنے سے بچائے ورنہ ملک میں سرمایہ کاری ختم ہوجائے گی اور بے روزگاری کا طوفان آئے گا۔

ای پیپر-دی نیشن