توہین الیکشن کمشن ، عمران پیش نہ ہوئے ، ممنوعہ فنڈنگ کیس میں مہلت کی استدعا
اسلام آباد(خصوصی نامہ نگار) الیکشن کمشن نے عمران خان، فواد چوہدری اور اسد عمر کے وکیل کی درخواست پر توہین کیس کی سماعت ملتوی کردی ۔ممبر سندھ نثار درانی کی سربراہی میں تین رکنی الیکشن کمشن بنچ نے توہین کیس کی سماعت کی ۔پی ٹی آئی وکیل فیصل چوہدری نے مزید مہلت کی استدعا کرتے ہوئے الیکشن کمشن کو بتایا کہ عمران خان کو سکیورٹی تھریٹس ہیں اس وجہ سے پیش نہیں ہو سکے، ہم نے سپریم کورٹ بھی جانا ہے تاریخ دیدیں۔اس پر ممبر سندھ نے کہا کہ آپ پیش بھی نہیں ہوتے اور تاریخ بھی مانگتے ہیں۔فواد چوہدری نے کہا الیکشن کے معاملے پر جو ادارے تعاون نہیں کررہے ا±ن کو توہین الیکشن کمشن کا نوٹس دیتے۔ ممبر کے پی کے جسٹس ریٹائرڈ اکرام اللہ نے فیصل چوہدری کو کہا کہ کس نے آپ سے کہا الیکشن نہیں ہورہے۔ الیکشن کمشن نے التوا کی درخواست منظور کرتے ہوئے سماعت 18 اپریل تک ملتوی کردی۔دوسری جانب تحریک انصاف نے ممنوعہ فنڈنگ ضبطگی کیس میں جواب کے لیے الیکشن کمیشن سے مزید وقت دینے کی استدعا کر دی۔ چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ کی سربراہی میں تین رکنی الیکشن کمیشن بنچ نے کیس کی سماعت کی۔پی ٹی آئی کی جانب سے انور منصور الیکشن کمشن میں پیش ہوئے اور جواب کے لیے مہلت کی استدعا کرتے ہوئے موقف اختیار کیا کہ اس معاملے میں ہم نے ہائیکورٹ سے رجوع کیا اور ہائیکورٹ میں معاملہ جمعہ کو سماعت کے لیے مقررہے۔چیف الیکشن کمشنر نے کہا کہ اگر درخواست کی کاپی تاخیر سے ملی تو مجھے بتادیتے۔انور منصور نے موقف اپنایا کہ کسی کے ذریعے ثبوت جمع کیے جارہے ہیں، اگر امریکہ سے ڈیڑھ لاکھ لوگوں نے فنڈنگ کی ہے تو ہر ایک کا ایڈریس نکالنا بہت وقت لیتا ہے، ان سب ثبوتوں کو ہم نے جمع کرنا ہے جس کے لیے وقت درکار ہے۔الیکشن کمیشن نے استدعا منظور کرتے ہوئے سماعت 18 اپریل تک ملتوی کردی ۔