• news

مریم نواز 2 کروڑ 89 لاکھ سے زائد کی مقروض، ذاتی گاڑی نہیں 


اسلام آباد (خبر نگار) مسلم لیگ ن کی سینئر نائب صدر و چیف آرگنائزر مریم نواز نے مالی اثاثوں کی تفصیلات اپنے کاغذات نامزدگی کے ساتھ الیکشن کمشن میں جمع کروا دیں ہیں جن کے مطابق مسلم لیگ (ن) کی چیف آرگنائزر مجموعی طور پر 84 کروڑ 25 لاکھ روپے سے زائد مالیت کی اراضی کی مالک ہیں۔ مریم نواز 2 کروڑ 89 لاکھ روپے سے زائد کی مقروض ہیں۔ مریم نواز نے یہ قرض اپنے بھائی حسن نواز سے لے رکھا ہے۔ مریم نواز کے شوہر کیپٹن (ر) صفدر بھی دوستوں کے 6 کروڑ روپے کے مقروض ہیں۔ دستاویزات کے مطابق مریم نواز رائیونڈ کے علاقے میں ایک ہزار چار سو کنال سے زائد اراضی کی مالک ہیں جب کہ مریم نواز کی بیرون ملک کوئی جائیداد نہیں، مریم نواز نے 3 برس میں زرعی اراضی سے آمدن پر 12 لاکھ روپے سے زائد ٹیکس ادا کیا۔ مریم نواز نے حدیبیہ پیپر ملز میں 54 لاکھ 69 ہزار محمد بخش ٹیکسٹائل ملز میں 48 لاکھ 21 ہزار حمزہ سپننگ ملز میں 16 لاکھ، جنید پولٹری فارمز میں 90 ہزار روپے شئیرز کی مالک ہیں۔ دستاویز کے مطابق مریم نواز کے پاس ذاتی گاڑی نہیں ہے، ان کے بنک اکاﺅنٹس میں 78 لاکھ روپے سے زائد کی رقم موجود ہے۔

ای پیپر-دی نیشن