این اے 120 : کلثوم نواز پر اعتراضات مسترد‘ یاسمین راشد‘ فیصل میر کے کاغذات بھی منظور
لاہور(خصوصی رپورٹر+خصوصی نامہ نگار)سابق وزیر اعظم نواز شریف کی نااہلی سے خالی ہونیوالی نشست این اے 120پر 17ستمبر کو ہونیوالے ضمنی انتخابات کیلئے مسلم لیگ (ن) کی امیدوار کلثوم نواز شریف،پی ٹی آئی کی امیدواریاسمین راشد، پیپلز پارٹی کے امیدوارفیصل میر،پیپلز پارٹی (ورکرز)کی امیدوار ساجدہ میر،جماعت اسلامی کے امیدوار ضیا الدین انصاری سمیت دیگر امیدواروں کے کاغذات نامزدگی منظور کر لئے گئے۔بیگم کلثوم نواز شریف کے وکیل اورنمائندے سینیٹر آصف کرمانی الیکشن کمشن میں پیش ہوئے ۔الیکشن کمشن نے بیگم کلثوم نواز شریف کے کاغذات نامزدگی پر دیگر امیدواروں کی طرف سے دائر نو اعتراضات کو مسترد کردیا۔ آصف کرمانی نے کہا کہ یہ لوگ نواز شریف دشمنی میں ملک سے دشمنی کر رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ بیگم کلثوم نواز شریف کے کاغذات پر وہی پرانے الزامات لگائے گئے تھے جو عمران اور ان کے ساتھی چار سال سے لگاتے چلے آرہے ہیں۔ جمہوریت کے استحکام کے لئے سب جماعتوں کو ایک صفحے پر آنا پڑے گا ، پیپلز پارٹی سمیت تمام سیاسی جماعتوں سے رابطہ کرینگے۔ ہم نے اپنا موقف نہیں بدلا جلد اپنا موقف عوام کے سامنے رکھیں گے، جمہوریت کے استحکام کیلئے نکلے ہیں اور اس کے لئے تمام سیاسی جماعتوں سے رابطہ کرکے ایک پلیٹ فارم پر لانے کی کوششیں کرینگے۔کلثوم نواز کے کاغذات نامزدگی کی منظوری پر این اے 120 میں مسلم لیگی کارکنوں نے جشن منایا‘ آتشبازی کی اور نوازشریف‘ شہبازشریف اور بیگم کلثوم نواز کے حق میں نعرے بازی کی۔ بلال گنج میں عثمان تنویر بٹ‘ ملک محمود الحسن‘ سردار نسیم‘ عتیق الرحمن کی قیادت میں ریلی نکالی جو سیدھی داتا دربار پہنچی جہاں شرکاءنے شکرانے کے نوافل ادا کئے۔ موہنی روڈ پر اصغر کوکب‘ طارق تارا کی قیادت میں مسلم لیگی کارکنوں نے جشن منایا اور آتش بازی کا مظاہرہ کیا۔ راجگڑھ میں سابق رکن پنجاب اسمبلی ڈاکٹر زمرد یاسمین اور رانا سعید اختر کی قیادت میں مردوخواتین کارکنوں کی بڑی تعداد نے ریلی نکالی اور مٹھائی تقسیم کی۔ قبل ازیںڈاکٹر یاسمین راشد نے اخبار نویسوں سے گفتگو میں کہا کہ کلثوم نواز نے مکمل فارم پر نہیں کئے۔میرے خلاف پیپلز پارٹی کے اعتراضات مسترد ہو چکے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ہم ووٹ خریدتے نہیں مانگتے ہیںاورہم ہر جگہ کہ ووٹ مانگ دہے ہیں۔ہمیں پریشان کیا گیا تھا جس پر پولیس سے رابطہ کیا تھا۔اگر اب ہمیں کمپین کے دوران اگر تنگ کیا گیا تو اب ہم خود نمٹیں گے۔اگر نواز شریف کمپین کریں گے تو وہ سپریم کورٹ کے احکامات کی خلاف ورزی کریں گے۔پیپلز پارٹی کے امیدوار فیصل میر نے کہا کہ بیگم کلثوم نواز شریف کا بیرون ملک چلے جانا الیکشن سے فرار کے مترادف ہے۔ یاسمین راشد سے مرکزی انتخابی دفتر میں اربن لاہور سے پارٹی رہنما ولید اقبال یوسی 54 اور پارٹی رہنما مہر واجد عظیم یوسی 55 کی ٹیموں کے ساتھ ملاقاتیں کیں۔ الیکشن کے حوالے سے تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔ تحریک انصاف لاہور کے صدر ولید اقبال‘ سیکرٹری جنرل میاں حماد اظہر‘ نعیم الحق‘ طاہر رشید چودھری‘ عاطف چودھری‘ ملک عثمان حمزہ‘ رخسانہ نوید‘ رافیہ کمال نے یونین کونسل 54 میں ڈاکٹر یاسمین راشد کیلئے ڈور ٹو ڈور رابطہ مہم کے سلسلہ میں گھر گھر جا کر پمفلٹ تقسیم کئے۔
کاغذات منظور