• news

پاکستان ایران کےساتھ تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے: مریم اورنگزیب

اسلام آباد(وقائع نگار خصوصی) وزیر مملکت برائے اطلاعات ونشریات مریم اورنگزیب نے کہا ہے پاکستان ایران کےساتھ تعلقات کو انتہائی قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے ، پاکستان ایران کےساتھ ثقافتی اور عوامی رابطوں کے فروغ کا خواہاں ہے ، فلم انڈسٹری کی حوصلہ افزائی کےلئے ایران کے تعاون سے ایک متحرک اور موثر کمیشن کا قیام چاہتے ہیں، وزیر مملکت نے ثقافتی اور میڈیا وفود کے تبادلوں کی ضرورت پر زوردیا ،ایرانی سفیر نے وزیر مملکت کو نیشنل براڈ کاسٹنگ اینڈ فلم کمیشن کے قیام میں بھرپورتعاون کی یقین دہانی کرائی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ایران کے سفیر مہدی ہنر دوست سے ملاقات میں کیا ۔ اس موقع پر ایرانی سفیر اور وزیر مملکت نے دونوں ممالک کے درمیان میڈیا ، ثقافت اور اطلاعات کے شعبے میں باہمی تعاون بڑھانے کی مختلف تجاویز پر غور کیا ۔ وزیر مملکت نے ثقافتی اور میڈیا وفود کے تبادلوں کی ضرورت پر زوردیا۔ اس ضمن میں وزارت اطلاعات کے متعلقہ حکام کو ایرانی سفارتخانے سے رابطہ قائم کرنے کی ہدایات جاری کیں ۔ مریم اورنگزیب نے ورثے اور اقدار کے فروغ کےلئے فلم اور ڈرامے کے شعبے میں مشترکہ پروڈکشنز کی تجویز دی ۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے مریم اورنگزیب نے کہا پاکستان نیشنل براڈکاسٹنگ اینڈ فلم کمیشن کا قیام عمل میں لا رہا ہے ۔ فلم انڈسٹری کی حوصلہ افزائی کےلئے ایران کے تعاون سے ایک متحرک اور موثر کمیشن کا قیام چاہتے ہیں ، کمیشن کے قیام کا مقصد فنکاروں ، پروڈیوسرز اور فلم سازوں کو سازگار ماحول فراہم کرنا ہے ، دونوں ممالک کے تعلقات ، مشترکہ ورثے ، مذہبی وثقافتی اقدار میں بندھے ہوئے ہیں۔ ایرانی سفیر نے وزیر مملکت کو نیشنل براڈ کاسٹنگ اینڈ فلم کمیشن کے قیام میں بھرپورتعاون کی یقین دہانی کرائی۔
مریم اورنگزیب

ای پیپر-دی نیشن