قومی ٹی ٹونٹی ٹورنامنٹ ، ملتان کی ضلعی انتظامیہ کے میزبانی پر تحفظات
لاہور(سپورٹس رپورٹر+نمائندہ سپورٹس) سیکورٹی خدشات کی بنا پر ملتان کی ضلعی انتظامیہ نے قومی ٹی ٹونٹی ٹورنامنٹ کی میزبانی پر تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے پاکستان کرکٹ بورڈ کے اعلٰی حکام کو آگاہ کر دیا۔ قومی ٹیم ٹونٹی ٹورنامنٹ جس کا پہلا مرحلہ 25 سے 31 اگست تک ملتان کرکٹ سٹیڈیم میں کھیلا جانا تھا، ضلعی انتظامیہ کی جانب سے تحفظات کے بعد پاکستان کرکٹ بورڈ کے حکام نے ٹورنامنٹ کو ایک وینو تک محدود کرنے پر غور شروع کر دیا ہے تاہم پی سی بی حکام کا کہنا ہے کہ ہمیں اس سلسلہ میں ملتان کی انتظامیہ کی جانب سے کچھ نہیں بتایا گیا ہے۔ ملتان ریجنل ایسوسی ایشن کے سیکرٹری خالد محمود سے رابطہ کیا گیا تو ان کا کہنا تھا کہ ٹورنامنٹ کی میزبانی تاحال ملتان کے پاس ہی ہے اگر ضلعی انتظامیہ کی جانب سے سیکورٹی خدشات کا اظہار کیا گیا ہے تو اس بارے میں ملتان ریجنل کرکٹ ایسوسی ایشن کے حکام کو کچھ نہیں بتایا گیا ہے۔ پاکستان کرکٹ بورڈ کے حکام ہی صورتحال واضح کر سکیں گے۔پاکستان کرکٹ بورڈ نے قومی ٹی ٹونٹی ٹورنامنٹ کے لیے کھلاڑیوں کی ڈرافٹنگ کا عمل بھی مکمل کر رکھا ہے۔ ٹورنامنٹ کا دوسرا مرحلہ 4 سے 10 ستمبر تک فیصل آباد کے اقبال سٹیڈیم میں ہونا ہے۔
ذرائع کے مطابق پی سی بی حکام نے فیصل آباد کے ایک وینو میں ٹورنامنٹ کو شیڈول کے مطابق مکمل کرنے پر غور شروع کر دیا ہے۔
اس سلسلہ میں فیصل آباد ریجنل کرکٹ ایسوسی ایشن اور فیصل آباد کی ضلعی انتظامیہ سے بھی رابطے شروع کر دیئے گئے ہیں۔