• news

پاکستان بیڈمنٹن فیڈریشن نے جونیئر نیشنل چیمپئن شپ کا اعلان کر دیا

لاہور (سپورٹس رپورٹر+نمائندہ سپورٹس) پاکستان بیڈمنٹن فیڈریشن نے جونیئر کھلاڑیوں کو کھیل کے مواقع فراہم کرنے کے لیے جونیئر نیشنل چیمپئن شپ کا اعلان کر دیا ہے جو 19 سے 21 اگست تک نشتر سپورٹس کمپلیکس کے انڈور چمنیزیم ہال میں منعقد ہوگی۔ یہ بات پاکستان بیڈ منٹن فیڈریشن کے سیکرٹری واجد چوہدری نے نیشنل ہاکی سٹیڈیم میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہی۔ ان کا کہنا تھا کہ جونیئر چیمپیئن شپ میں سات کیٹگریز کے مقابلے رکھے گئے ہیں جن میں پنجاب، سندھ، کے پی، بلوچستان، اسلام آباد، اے جے کے، پاکستان پولیس، کے پی ٹی، نیشنل بنک، فاٹا اور پاکستان آرمی سے تعلق رکھنے والے اڑھائی سو کے قریب کھلاڑی بوائز سنگلز انڈر 15، بوائز سنگلز انڈر 17، بوائز سنگلز انڈر 19، بوائز انڈر 19 ڈبلز، گرلز انڈر 17 اور 19 سنگلز جبکہ گرلز انڈر 19 ڈبلز میں ایکشن میں نظر آئیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ طیب سہیل ریفری جبکہ امجد خان ڈپٹی ریفری کے فرائض انجام دینگے۔ پاکستان بیڈ منٹن فیڈریشن رواں سال پاکستان انٹرنیشنل بیڈمنٹن سیریز کی میزبانی کے فرائض انجام دینے جا رہی ہے، 9 سے 12 نومبر تک منعقد ہونے والی انٹرنیشنل سیریز میں بڑی تعداد میں غیر ملکی کھلاڑی شریک ہونگے۔ ان کا کہنا تھا کہ ہماری فیڈریشن محدود مالی وسائل کی وجہ سے پہلی مرتبہ ایک ریفری اور ایک امپائر کو ایشیا بیڈمنٹن ٹریننگ پروگرام کے لیے بھجوا رہی ہے۔ پہلا موقع ہے کہ پاکستان کی بیڈمنٹن ٹیمیں اور کھلاڑی انٹرنیشنل ٹورنامنٹس میں شرکت کر رہے ہیں ماضی میں ایسا نہیں تھا۔ جونیئر چیمپیئن شپ سے نوجوان کھلاڑیوں کا انتخاب کر کے انہیں ٹریننگ کیمپ میں بلایا جائے گا تاکہ ان کی گرومنگ کی جا سکے۔ 

ای پیپر-دی نیشن